پانی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت، پپری پمپنگ اسٹیشن 96 گھنٹوں کے لیے بند
کراچی(بولونیوز)کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر، محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی (KWSSIP) کے تحت اولڈ پپری مین پر نئی واٹر پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق نئی بچھائی گئی پائپ لائن کو فعال بنانے کے لیے موجودہ نظام کے ساتھ انٹر کنکشن اور والوز کی تنصیب ناگزیر ہے۔ اسی سلسلے میں انٹر کنکشن اور مینٹیننس کے کاموں کی تکمیل کے لیے پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن کو 96 گھنٹوں یعنی چار روز کے لیے عارضی طور پر بند رکھنے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ منصوبے پر کام 10 جنوری بروز ہفتہ سے 13 جنوری بروز منگل تک جاری رہے گا۔ اس دوران پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی، تاہم نئی پپری پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔
مینٹیننس اور انٹر کنکشن کے باعث ملیر ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن اور ماڈل زون ٹاؤن کے بعض علاقوں کے علاوہ ایس پی ایل اور پی آئی اے کے علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر رہے گی۔ اسی طرح لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی مینٹیننس کے دوران عارضی طور پر بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق پرانی پپری پمپنگ اسٹیشن کی بندش کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 60 ملین گیلن پانی کی عارضی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ شہر کو مجموعی طور پر یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم مینٹیننس کے دوران بھی شہر کو یومیہ تقریباً 590 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پپری پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی پائپ لائن بچھانے کا مقصد پانی کی ترسیل کو بہتر، محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔ خستہ حال پرانی لائن کے باعث پانی کی فراہمی میں نمایاں کمی واقع ہو چکی تھی، جس کے پیشِ نظر نئی لائن کی تنصیب ناگزیر ہو گئی تھی۔ پرانی لائن کی خرابی کی وجہ سے پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی ترسیل مسلسل متاثر ہو رہی تھی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نئی لائن کے فعال ہونے کے بعد شہر کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مینٹیننس کے دوران پانی کا باکفایت استعمال کریں، کیونکہ شہر طویل المدتی بنیادوں پر بہتر پانی کی فراہمی کے نظام کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔


