فیلڈ مارشل کو دھمکی کا معاملہ، قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دھمکی کے معاملے پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کر دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ڈیمارش جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امید کرتے ہیں برطانیہ شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
جین میریٹ کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ڈیمارش برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کو جاری کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کہ برطانیہ شرپسندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی برطانیہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے 23 دسمبر 2025 کو انتہائی اشتعال انگیز ویڈیو جاری کی گئی جس میں مظاہرین نے کھلے عام فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قتل کی دھمکی دی۔
ایک خاتون نے اشتعال انگیز گفتگو کے دوران کہا کہ کوئی بھی آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو کار بم دھماکے میں قتل کر دے گا۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولز نے اس اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز ویڈیو کو آگے پھیلایا اور اسے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا گیا۔
برطانیہ میں اس طرح کی دھمکی آمیز گفتگو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اسے برطانیہ کے انسدادِ دہشتگردی ایکٹ 2006 کے تحت سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔
عالمی قوانین کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 تمام ریاستوں کو دہشتگردی، تشدد پر اکسانے اور اس کی معاونت روکنے کا پابند بناتی ہے۔


