ضلعی عدلیہ کے ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست

کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ میں ضلعی عدلیہ کےملازمین کےالاؤنسز میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری قانون اور اکاونٹنٹ جنرل سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے اور آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا۔ سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے مئی کے احکامات کے باوجود ضلعی عدلیہ کے ملازمین کو ہائی کورٹ ملازمین کے مساوی جوڈیشل اور یوٹیلیٹی الاؤنسز نہیں دیے گئے، جو ایک ہی صوبے میں ملازمین میں غیر قانونی تفریق کے مترادف ہے۔

سرکاری وکیل کے مطابق سندھ حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے اور فوری سماعت کی درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے، تاکہ سپریم کورٹ ابتدائی سماعت کر سکے۔

عدالت نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کوئی حکم امتناع جاری نہیں ہوا، اس لیے فریقین کے لیے ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا لازمی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *