سرجانی ٹاؤن میں گھر میں ڈکیتی، 2 بھائی زخمی، لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لوٹ لیے گئے

کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 7 بی میں 4 ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واردات کے دوران دو سگے بھائیوں نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔

سرجانی پولیس کے مطابق والدہ کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مدعیہ نے بیان دیا کہ وہ اپنے بیٹوں اور بہوؤں کے ہمراہ گھر میں موجود تھیں کہ دوپہر تقریباً 3 بجے 4 ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر انہیں یرغمال بنا لیا۔ ڈاکوؤں نے بہوؤں کے پہنے ہوئے دو طلائی کڑے، لاکٹ، بریسلٹ، انگوٹھی اور مدعیہ کے گلے سے طلائی چین سمیت گھر میں موجود دیگر زیورات اٹھا لیے۔

مدعیہ کے مطابق لوٹے جانے والے زیورات کا مجموعی وزن تقریباً 7 تولہ تھا۔ ڈاکوؤں نے نقدی، شادی والے لفافے اور کچھ نئے کپڑوں کے سوٹ بھی چوری کیے۔

زخمی ہونے والے بیٹے دانش اور حارث کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مدعیہ کے بیان کی بنیاد پر سرجانی پولیس نے 4 نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ نمبر 1617 سال 2025، دفعات 394 اور 397 چونتیس کے تحت درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *