کراچی(بولونیوز)چیئرمین فراز حسیب کی متحرک قیادت، مؤثر پالیسیوں اور تعلیم دوست وژن کے تحت محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن نے مالی سال 2025–2026 کے دوران تعلیمی شعبے میں نمایاں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کامیابی سے مکمل کیے۔
چیئرمین فراز حسیب کی خصوصی ہدایات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری، تعلیمی معیار میں اضافہ، جدید سہولیات کی فراہمی، اسکولوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی تشکیل کو اولین ترجیح دی گئی۔ اسی وژن کے تحت محکمۂ تعلیم نے متعدد ترقیاتی منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچائے، جن کے مثبت اثرات تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی سطح پر نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے۔
محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال بھر کے دوران سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش، کلاس رومز کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، جدید فرنیچر، واش رومز کی بحالی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید تدریسی سہولیات، آئی ٹی اور اے آئی لیبز کے قیام، کمپیوٹر لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں، کھیلوں، تقریری و تحریری مقابلوں اور سائنسی و تخلیقی پروگراموں کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا۔
طلبہ کی حاضری اور تعلیمی کارکردگی میں بہتری کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام بھی متعارف کرایا گیا، جس کے باعث مجموعی تعلیمی نتائج میں بہتری دیکھنے میں آئی۔
محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر بچے کی معیاری تعلیم تک رسائی، جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی مسلسل بہتری کے لیے اپنی کاوشیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی، تاکہ ایک روشن، باصلاحیت اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
Leave a Reply