سرجانی ٹاؤن میں نادرا کے جدید میگا سینٹر کا افتتاح، عوام کو بڑی سہولت میسر

کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن میں نادرا کے جدید اور شاندار میگا سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے بعد منگھوپیر ٹاؤن اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے طویل مسافت طے کرنے کی زحمت سے نجات مل گئی ہے۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ تھے۔ اس موقع پر سینیٹر مسرور احسن، ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، وائس چیئرمین رانا محمد عارف، چیئرمین یونین کمیٹی 07 امید علی قاضی، وائس چیئرمین حافظ سید عمران علی سمیت معززینِ علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے مہمانانِ خصوصی کو سندھ کی ثقافتی علامت روایتی اجرک پیش کی۔

افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر کا قیام اہلیانِ منگھوپیر ٹاؤن اور پوری ڈسٹرکٹ ویسٹ کے عوام کے لیے ایک تاریخی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں عملی جامہ پہنا رہے ہیں، اب شہریوں کو شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے لیے گھنٹوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ میگا سینٹر محض ایک دفتر نہیں بلکہ عوامی سہولت کا مکمل مرکز ہے، جہاں نئے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید، کوائف کی درستگی، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، اسمارٹ کارڈ، NICOP، POC سمیت نادرا کی تمام جدید خدمات ایک ہی چھت تلے تیز، شفاف اور آسان طریقے سے دستیاب ہوں گی۔ خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے اور آئندہ بھی فلاحی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی سہولیات کو ان کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ نادرا میگا سینٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور نظام نصب کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کے تمام امور برق رفتاری سے نمٹائے جا سکیں۔ تقریب کے شرکاء اور علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو ڈسٹرکٹ ویسٹ کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *