2022ء سے تاحال بیرونی قرض میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، گورنر اسٹیٹ بینک
اسلام آباد(بولونیوز)گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ 2022ء سے اب تک پاکستان کے بیرونی قرض میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے حوالے سے یہ تاثر درست نہیں کہ اضافہ نئے قرضوں کے باعث ہوا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام بنیادی طور پر بہتر معاشی نظم و ضبط، درآمدات میں توازن اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی ترسیلاتِ زر کا نتیجہ ہے، نہ کہ نئے بیرونی قرضوں کا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2027ء میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سہارا ثابت ہوں گی۔ جمیل احمد کے مطابق ترسیلاتِ زر میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے معاشی استحکام کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور شفافیت کے ساتھ عوام کو حقائق سے آگاہ رکھا جائے گا۔


