لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ
لاہور(بولونیوز) پنجاب کے مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی جانب سے چھاپوں اور اسٹاک چیکنگ کے باعث پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز ہونے کے بعد بعض عناصر نے ردِعمل کے طور پر سپلائی سست کر دی ہے، جس سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی مافیا کے خلاف ہاتھ ڈالا جاتا ہے تو وہ اسی طرح کی صورتحال پیدا کر دیتے ہیں، جبکہ عوام کی ناراضی کا رخ ہمیشہ حکومت کی جانب ہو جاتا ہے۔
پنجاب بھر میں پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم متعلقہ حکام کا مؤقف ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی کو ذخیرہ اندوزی یا سپلائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے سپلائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔


