فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید پولیس جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

مہمند(بولونیوز)فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کا جرات مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ایس ایچ او ذیت اللہ اور ایلیٹ فورس کے جوان نور زیب کی نمازِ جنازہ پولیس لائن غلنئی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں ڈی پی او مہمند رضا محمد، کمانڈنٹ ایم آر عاصم محمود، رکنِ قومی اسمبلی (مہمند) ساجد خان، ایس پی انویسٹیگیشن مہمند زاہد عالم خان، ایس پی سی ٹی ڈی قاضی عصمت، اے ڈی سی افتخار احمد اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز لیاقت علی سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، جوانوں، شہداء کے ورثاء اور علاقائی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ ڈی پی او مہمند رضا محمد، کمانڈنٹ ایم آر اور اے ڈی سی مہمند نے شہداء کے تابوتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

یاد رہے کہ رات گئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے دوران دونوں جوانوں نے سینہ تان کر مقابلہ کیا اور وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *