’تمہاری وجہ سے میں ذلیل ہوئی‘: سارا نیتن یاہو نے سب کے سامنے وزیرِاعظم کی سرزنش کر دی
یروشلم(بولونیوز)یروشلم کے ٹیڈی اسٹیڈیم میں مکابیہ گیمز کی افتتاحی تقریب کے دوران پیش آنے والی بدانتظامی کے بعد اسرائیلی وزیرِاعظم Benjamin Netanyahu کی اہلیہ Sara Netanyahu کا غصے سے بھرپور ردِعمل سامنے آ گیا۔ واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس کی تصدیق خود اسرائیلی میڈیا نے بھی کی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق Maccabiah Games کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سارا نیتن یاہو جب وی آئی پی حصے میں پہنچیں تو ہجوم کے باعث کسی شخص کا پاؤں ان کے پاؤں پر آ گیا، جس پر وہ برہم ہو گئیں۔ بعد ازاں وہ غصے کی حالت میں وی آئی پی لاؤنج پہنچیں جہاں وزیرِاعظم اور ان کا اسٹاف موجود تھا۔
رپورٹس کے مطابق لاؤنج میں داخل ہوتے ہی سارا نیتن یاہو نے بلند آواز میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمہاری وجہ سے میں یہاں لوگوں سے لڑتی پھر رہی ہوں، تم نے مجھے ان سے لڑنے پر مجبور کیا۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے وزیرِاعظم کے اسٹاف کو بھی ڈانٹتے ہوئے کہا کہ ’’آپ لوگوں کو میری دیکھ بھال کرنی چاہیے تھی۔‘‘
واقعے کے بعد یہ معاملہ اسرائیلی سوشل اور سیاسی حلقوں میں زیرِ بحث ہے، جب کہ وائرل ویڈیو پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔


