سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے خلاف آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس

کراچی(بولونیوز) سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی طویل بندش کے خلاف آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ میں گزشتہ چار ماہ سے سی این جی اسٹیشنز بند ہیں، جس کے باعث ہزاروں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 28 فروری سے 29 جون تک سندھ میں سی این جی کو گیس کی فراہمی معطل رہی، جس سے سی این جی اسٹیشنز پر کام کرنے والے ملازمین، مکینکس اور ڈرائیورز شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سی این جی سیکٹر سے وابستہ خاندان اس وقت سنگین معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق سی این جی سیکٹر کا مجموعی گیس استعمال صرف 1.5 ایم سی ایف ڈی ہے، جو ملک کے کل گیس نیٹ ورک کا محض 0.1 فیصد بنتا ہے، اس کے باوجود اس شعبے کو مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ روزگار کے تحفظ کے لیے متبادل پالیسی اختیار کی جائے اور سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ترجمان نے سی این جی کو ماحول دوست اور سستا ایندھن قرار دیتے ہوئے اس کی بحالی پر زور دیا۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *