پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر پروازیں پانچ سال بعد بحال ہوگئیں

کراچی(بولونیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے لاہور سے مانچسٹر کے لیے دو طرفہ پروازیں پانچ سال بعد بحال کی جا رہی ہیں، جبکہ اسلام آباد سے بیجنگ کی معطل دو طرفہ پروازیں بھی دو ماہ بعد دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق لاہور سے مانچسٹر کے لیے دو طرفہ پروازوں کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ مانچسٹر سے لاہور کی پرواز یکم جولائی جبکہ لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز 2 جولائی کو آپریٹ کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے پر مشتمل لاہور تا مانچسٹر پرواز پر 175 مسافروں کی بکنگ کنفرم ہے، جبکہ 2 جولائی کو لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز کی تمام 310 نشستیں مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں پر 2020 میں پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم گزشتہ برس اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازیں بحال کی گئی تھیں۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث اسلام آباد سے بیجنگ کے لیے معطل پروازیں 3 جولائی سے دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔ پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل سے معطل ہفتہ وار ایک دو طرفہ پرواز کے لیے بوئنگ 777 طیارہ استعمال کیا جائے گا۔

پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے مسافروں کو سہولت ملے گی اور قومی ایئرلائن کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *