حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول پر لیوی میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد(بولونیوز)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ کرتے ہوئے ڈیزل اور پیٹرول پر نئی شرحیں نافذ کر دی ہیں۔ ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول پر لیوی کی نئی شرح 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے اور اس میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے عوام کو فوری ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق لیوی میں اضافے کا مقصد سرکاری ریونیو میں اضافہ ہے، تاہم اس فیصلے پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *