پیٹرولیم قیمتیں ہفتہ وار کے بجائے ماہانہ کرنے کا مطالبہ، پٹرول پمپ مالکان کی احتجاج کی دھمکی
اسلام آباد(بولونیوز) پٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر مقرر کی جائیں، بصورتِ دیگر ملک گیر احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے مطابق بار بار قیمتوں میں تبدیلی کے باعث کاروباری لاگت، اسٹاک مینجمنٹ اور منافع کے حساب کتاب میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس سے پیٹرول پمپ انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے نظام کی وجہ سے نہ صرف کاروباری عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے بلکہ چھوٹے پٹرول پمپ مالکان کو بھی مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
پٹرول پمپ مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام تبدیل کر کے اسے ماہانہ بنیادوں پر طے کرے تاکہ کاروباری تسلسل برقرار رہ سکے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔


