متحدہ عرب امارات کا جنوبی کوریا سے چیونگونگ II ایئر ڈیفنس سسٹم کی تیسری بیٹری حاصل کرنے کا فیصلہ
متحدہ عرب امارات / جنوبی کوریا(بولونیوز) متحدہ عرب امارات نے جنوبی کوریا سے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم چیونگونگ II کی تیسری بیٹری حاصل کرنے کے لیے مزید C-17 ٹرانسپورٹ طیارے روانہ کر دیے ہیں۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق مجموعی طور پر آٹھ C-17 طیارے اس عسکری سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چیونگونگ II کی تیسری بیٹری مقررہ شیڈول سے تقریباً ایک ماہ قبل فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ساتھ درجنوں انٹرسیپٹر میزائل بھی شامل ہوں گے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں نصب دو بیٹریاں مبینہ طور پر امریکی پیٹریاٹ اور اسرائیلی ایرو سسٹمز کے ساتھ مل کر حالیہ ایرانی میزائل حملوں کے دوران فعال کی گئی تھیں، جن میں کم از کم 60 انٹرسیپٹر میزائل فائر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق یہ پیش رفت متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے


