وزیر داخلہ سندھ کا سی ٹی ڈی اور وفاقی اداروں کی مشترکہ کارروائی پر خراجِ تحسین

سندھ(بولونیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں حاصل ہونے والی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ڈرون اور دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے اہم سہولت کار کی گرفتاری ایک اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دہشت گردی کی سپلائی چین کو بے نقاب کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی ہے، جس سے سیکیورٹی صورتحال مزید مؤثر طریقے سے بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق سندھ پولیس، سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس اداروں کی مؤثر کارروائیوں کے باعث دہشت گردی کے خطرات کا بروقت سدباب ممکن ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار اور معاون عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے تاکہ پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

ضیاء الحسن لنجار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی الیکٹرانک سامان کی خرید و فروخت کی اطلاع فوری طور پر سی ٹی ڈی ہیلپ لائن 1102 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *