حکومت کا تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی کا اعلان، سرچارج ختم کرنے کی تجویز
اسلام آباد(بولونیوز)حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے انکم ٹیکس کے چار سلیبس میں کمی اور سرچارج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بجٹ تجاویز کے مطابق سالانہ 22 سے 32 لاکھ روپے آمدن رکھنے والے تنخواہ دار افراد کے لیے انکم ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے متوسط طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم ہوگا۔
اسی طرح سالانہ 32 سے 41 لاکھ روپے آمدن حاصل کرنے والے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور تنخواہ دار طبقے کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سرچارج کے خاتمے سے بھی لاکھوں ملازمین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس اصلاحات سے نہ صرف تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ملے گا بلکہ ٹیکس نیٹ میں شفافیت اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ بجٹ تجاویز کی منظوری کے بعد حتمی اطلاق کا اعلان کیا جائے گا۔


