بینک منیجر پر تاجر کے 5 کروڑ روپے خردبرد کرنے کا الزام، سالا گرفتار، 3 کروڑ برآمد
لاہور(بولونیوز)شاہ عالم مارکیٹ کےایک تاجر کے 5 کروڑ روپے مبینہ طور پر ہتھیانے کے مقدمے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے بینک منیجر کے سالے کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے قبضے سے 3 کروڑ روپے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ تاجر کا اپنے بینک منیجر پر مکمل اعتماد تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بینک منیجر نے تاجر سے بینک کی سالانہ کارکردگی اور ترقی کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی، جس پر تاجر نے اپنے اکاؤنٹنٹ کو 5 کروڑ روپے کا چیک دے کر رقم نکلوانے کے لیے بینک بھیج دیا۔
تحقیقات کے مطابق اکاؤنٹنٹ نے رقم کیش کروانے کے بعد بینک منیجر کے حوالے کر دی۔ بعد ازاں مبینہ طور پر بینک منیجر نے اپنے سالے کو بینک بلا کر رقم اس کے حوالے کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رقم کسی دوسرے مقام پر جمع کروانے کے بجائے سالا اسے اپنے گھر لے گیا۔
متاثرہ تاجر نے جب بینک منیجر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اس کا موبائل فون بند ملا۔ بعد ازاں بینک انتظامیہ سے رابطے پر معلوم ہوا کہ منیجر بغیر اطلاع اور چھٹی کے غیر حاضر ہے۔ اس صورتحال پر تاجر نے پولیس سے رجوع کیا۔
ایس ایس پی میاں نوید کے مطابق پولیس نے کال ڈیٹا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا، جس کے نتیجے میں بینک منیجر کے سالے کو گرفتار کر لیا گیا اور اس سے 3 کروڑ روپے برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم بینک منیجر نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، جس کے باعث اس کی فوری گرفتاری ممکن نہیں۔ تاہم اسے تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے 3 کروڑ روپے متاثرہ تاجر کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ باقی رقم کی بازیابی اور کیس کے دیگر پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔


