سندھ میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ، پارہ 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی
کراچی(بولونیوز) سندھ میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ کردیا گیا ، جس میں پارہ 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے کے بیشتر علاقوں میں 12 جون تک شدید ترین گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے باقاعدہ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ، اس دوران سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، اور جیکب آباد سمیت کئی میدانی اضلاع میں پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ کی ہولناک حد کو چھو سکتا ہے جبکہ ان علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان چلنے کا بھی امکان ہے۔
حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور جامشورو میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
شہرِ قائد میں 9 سے 12 جون کے دوران شدید حبس اور گرمی متوقع ہے، جہاں پارہ 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
شدید گرمی کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جس میں کہا ہے کہ عوام صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے سخت گریز کریں۔
شہری زیادہ سے زیادہ پانی، او آر ایس اور لیموں پانی کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو جبکہ باہر نکلتے وقت سر اور گردن کو گیلے کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپیں۔
پی ڈی ایم اے نے سندھ کے تمام متعلقہ محکموں، ہسپتالوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہیٹ ویو کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
الرٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث صوبے بھر میں بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے، جس کے لیے کے-الیکٹرک اور حیسکو سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ رہنے اور لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


