کراچی کے ساحل ہاکس بے اور کورنگی ندی میں پکنک منانے آئے 8 افراد ڈوب گئے
کراچی(بولونیوز) ہاکس بے اور کورنگی ندی میں پکنک مناتے ہوئے آٹھ افراد ڈوب گئے، جس میں سے تین کی لاشیں نکال لی گئیں اور چار کو زندہ بچا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کرنے والے دو مختلف خاندانوں پر پکنک اس وقت قیامت بن گئی جب ہاکس بے ساحل اور کورنگی ندی میں نہاتے ہوئے آٹھ افراد ڈوب گئے۔
واقعات کے نتیجے میں تین کمسن لڑکوں اور شہریوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، پہلا افسوسناک واقعہ کورنگی کراسنگ ندی کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ 10 سالہ سالار اور 12 سالہ فہد حسین اپنے دوستوں کے ساتھ ندی پر پکنک منانے آئے تھے ، ندی کے کنارے کھیلتے ہوئے دونوں بچے اچانک گہرے پانی میں چلے گئے۔ غوطہ خوروں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد اور ریسکیو آپریشن کے بعد دونوں دوستوں کی لاشیں ندی سے نکال لیں۔
کراچی مشہور ساحل ہاکس بے پر بھی ڈوبنے کے دو الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے، ہاکس بے کے ایک پوائنٹ پر میسم نامی شہری سمندر کی تیز لہروں کی زد میں آ کر ڈوب گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر اس کی لاش کو سمندر سے نکال لیا ہے۔
ہاکس بے ہی کے دوسرے مقام پر یوسف نامی شہری اپنے چار ساتھیوں سمیت سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوبنے لگا تاہم ساحل پر موجود لائف گارڈز اور رضا کاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو ڈوبنے سے بچا کر بحفاظت نکال لیا، تاہم یوسف گہرے سمندر میں لاپتہ ہو گیا۔
ریسکیو اداروں اور کراچی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سمندر کی تیز لہروں اور ندی نالوں میں کرنٹ یا گہرائی کے باعث نہانے سے سخت گریز کریں، بالخصوص بچوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ پکنک کو کسی بڑے حادثے میں بدلنے سے روکا جا سکے۔


