گلگت بلتستان میں شاندار کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، شہنیلا خانزادہ

کراچی(بولونیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ڈسٹرکٹ ایسٹ اور رکن آر سی سی بلاول ہاؤس شہنیلا خانزادہ نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری، فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور، گلگت بلتستان کے عوام اور پارٹی کے تمام جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہنیلا خانزادہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں، جمہوری سوچ اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انتخابات میں حاصل ہونے والی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام آج بھی پیپلز پارٹی کو اپنی حقیقی نمائندہ جماعت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت، صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی مسلسل عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کی انتھک محنت نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہنیلا خانزادہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ وفاق کی مضبوطی، قومی یکجہتی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ترقی، امن، بھائی چارے اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے گلگت بلتستان کی ترقی، نوجوانوں کے روزگار، خواتین کے حقوق، بہتر تعلیم، صحت کی سہولیات، سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

بیان کے اختتام پر شہنیلا خانزادہ نے کہا کہ یہ کامیابی صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام، کارکنوں اور جمہوری قوتوں کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *