نادرا کا بڑا اقدام: 42 لاکھ شناختی کارڈ منسوخ کردیئے
اسلام آباد(بولونیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں ایک بڑے تصدیقی عمل کے بعد 42 لاکھ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ منسوخ کر دیے ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق یہ کارروائی سول رجسٹریشن ریکارڈ اور قومی ڈیٹا بیس کے باقاعدہ موازنے کے بعد کی گئی، جس میں سامنے آیا کہ یہ شناختی کارڈز ایسے افراد کے تھے جو سرکاری ریکارڈ کے مطابق وفات پا چکے ہیں، تاہم ان کے شناختی کارڈز اب تک فعال تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منسوخیاں نادرا آرڈیننس اور قومی شناختی کارڈ رولز کے تحت کی گئی ہیں، جس کا مقصد قومی شناختی نظام کی شفافیت اور ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب بعض شہری حلقوں کی جانب سے شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ نادرا دفاتر میں مرحوم افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے اجرا میں تاخیر اور پیچیدہ طریقہ کار کے باعث لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دستاویزات کے اجرا میں تاخیر کے باعث قانونی اور مالی امور متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ بعض افراد نے دفاتر میں غیر ضروری چکر لگوانے اور مشکلات پیدا ہونے کی شکایات بھی کی ہیں۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا اس معاملے پر فوری توجہ دے کر نظام کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کم ہو سکیں۔


