امریکا کا ایران میں تنصیبات پر حملہ، پاسدارانِ انقلاب کا امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کا دعویٰ
واشنگٹن/تہران(بولونیوز)امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکا نے علی الصبح ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم پر واقع ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں پر میزائل حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ امریکی سینٹ کام کے مطابق امریکی طیاروں نے مبینہ طور پر داغے گئے چار ایرانی ڈرونز کے جواب میں کارروائی کی، جنہیں مار گرایا گیا۔ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی جانب داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو بھی روک لیا گیا، جبکہ کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہازوں کی موجودگی پر وارننگ فائر کیے گئے۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بغیر اجازت آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے چار ٹینکروں پر بھی فائرنگ کی گئی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، اور ایسی کسی بھی بندش کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔
علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ فریقین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔


