دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک تصادم، 7 افراد ہلاک
بھارت(بولونیوز)بھارت میں دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ریاست گجرات کے ضلع سورت کے قصبے باردولی کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے تحت چلنے والی دو بسوں کے درمیان پیش آیا۔ ایک بس سورت سے دھولے جا رہی تھی جبکہ دوسری بس مہاراشٹرا کے چالیس گاؤں سے سورت کی جانب گامزن تھی۔
حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا ہے کہ مہاراشٹرا کی جانب جانے والی بس پہلے ایک ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث بس ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا۔ بے قابو بس سڑک کے دوسری جانب آنے والی مسافر بس سے جا ٹکرائی اور پھر ہائی وے سے اتر کر کچے کے علاقے میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


