گلگت بلتستان کو سوئٹزرلینڈ بنایا جا سکتا ہے، توجہ کی ضرورت ہے: خواجہ سعد رفیق
سکردو(بولونیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر خطے پر توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان کو سوئٹزرلینڈ جیسا بنایا جا سکتا ہے۔
سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت اور وزیر اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان آئے ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق اور آزادی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس تاریخی کردار کے باعث پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کا مقروض ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ماضی میں حکومتیں بار بار نہ گرائی جاتیں تو خطے کی صورتحال مزید بہتر ہو سکتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان واقعی سوئٹزرلینڈ بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) ملک میں تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ این ایف سی میں گلگت بلتستان کے عوام کو حصہ ملنا چاہیے، جس سے نہ صرف گلگت بلکہ آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سکردو حلقہ نمبر 2 کو ماڈل حلقہ بنایا جائے گا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کریں۔


