سندھ میں پانی کی شدید قلت، وفاق سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ: شرجیل میمن

کراچی(بولونیوز)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ اس وقت سنگین پانی بحران کا شکار ہے، جس کے باعث نہ صرف زرعی شعبہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ کراچی سمیت پورے صوبے کو پانی کی فراہمی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں پانی کی قلت 22 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ گڈو بیراج پر 42 فیصد اور کوٹری بیراج پر 29 فیصد پانی کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق ارسا کی جانب سے سندھ کے تحفظات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور “شارٹیج ایکولائزیشن” کے نام پر صوبے کے حصے میں غیر منصفانہ کمی کی جا رہی ہے، جو 1991 کے واٹر اپورشنمنٹ معاہدے کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک صوبے کو دوسرے کے حصے پر ترجیح دینا ناقابل قبول ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر سندھ کو اس کا جائز پانی فراہم کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *