اقوام متحدہ میں قائم مقام افغان مندوب کی طالبان پر کڑی تنقید، عوام دشمن قرار دے دیا
نیویارک(بولونیوز)نیویارک میں اقوام متحدہ کے فورم پر افغانستان کے قائم مقام مندوب نصیر احمد فائق نے طالبان رجیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے دہشت گرد، غیرقانونی اور عوام دشمن قرار دے دیا۔
افغان مندوب نے طالبان رجیم کی جانب سے اقوام متحدہ میں نشست کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں نمائندگی صرف ان حکومتوں کا آئینی اور جائز حق ہے جو عوامی امنگوں کی بنیاد پر برسرِاقتدار آئیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نصیر احمد فائق نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران طالبان رجیم نے نہ افغان عوام کے جائز مطالبات تسلیم کیے اور نہ ہی عالمی برادری کی اپیلوں پر توجہ دی۔ ان کے مطابق بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور حمایت کے باعث افغانستان اور پورے خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں اس وقت کوئی جائز قومی نظام موجود نہیں، جبکہ کرپشن، بیروزگاری، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔ نصیر احمد فائق نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں طالبان رجیم کس بنیاد پر اقوام متحدہ میں نشست کا مطالبہ کر رہا ہے؟
ماہرین کے مطابق افغان مندوب کا یہ سخت ردعمل طالبان رجیم کے طرزِ حکمرانی پر عالمی برادری کے مسلسل عدم اعتماد اور سنگین تحفظات کی عکاسی کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی نے افغانستان کو عالمی تنہائی، معاشی بحران اور انسانی مسائل کے ایک نہایت پیچیدہ دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے۔


