اسٹیٹ بینک کا آم کی برآمدات کے لیے بڑا فیصلہ، ایکسپورٹرز کو سہولت فراہم

اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آم کی برآمدات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹرز کو بڑی سہولت فراہم کر دی ہے۔

فیصلے کے مطابق براستہ ایران وسطی ایشیائی ممالک کو آم کی برآمد میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے یکم جون سے ستمبر تک آم کی برآمدات کو فنانشل انسٹرومنٹ (FI) سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

اس اقدام کے تحت آم کے ایکسپورٹرز کو چار ماہ کے لیے ایف آئی سرٹیفکیٹ کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جس سے برآمدی عمل میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے رہنما وحید احمد کے مطابق رواں سال پاکستان میں آم کی پیداوار کا تخمینہ تقریباً 25 لاکھ ٹن لگایا گیا ہے، جبکہ موجودہ سیزن میں 80 ہزار ٹن آم برآمد ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن 25 مئی کو آم کی برآمدات کے حتمی ہدف کا اعلان کرے گی۔ ان کے مطابق براستہ ایران ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافے کے باعث برآمدات پر کچھ اثر پڑنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *