تاجر برادری کے حقوق اور 28ویں آئینی ترمیم پر تحفظات، آفاق احمد
کراچی(بولونیوز)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ وہ تاجر برادری کے ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہری حقوق کے تحفظ کے بغیر کسی بھی آئینی ترمیم میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
صرافہ بازار کے دورے اور تاجر برادری سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے گزشتہ دنوں مبینہ طور پر حساس ادارے کی جانب سے تاجروں کے ساتھ کیے گئے سلوک اور ایک واقعے میں بیٹے کے سامنے تاجر باپ پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
آفاق احمد نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملک کا بجٹ بھی انہی کے ٹیکسوں سے چلتا ہے، اس لیے انہیں عزت اور مکمل تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ سرمایہ ملک سے باہر جانے کے بجائے اندرونی معیشت کو مضبوط کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، جبکہ انہوں نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض اقدامات معیشت کی بحالی کی کوششوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ اس شہر کی بدقسمتی ہے کہ یہاں چور، ڈاکو، پولیس اور منصف سب غیر مقامی ہیں، جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم میں شہری سندھ کے حقوق اور شہریوں کے تحفظ کو شامل نہیں کیا جاتا تو ان کی جماعت کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے، جس کے لیے وہ ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔


