انمول پنکی کیس میں اہم نام سامنے آنے کا امکان، آئی جی سندھ

کراچی(بولونیوز) میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ انمول عرف پنکی کیس میں کئی اہم اور بااثر نام سامنے آسکتے ہیں، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اب تک ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

آئی جی سندھ کے مطابق منشیات استعمال کرنے والوں اور فروخت کرنے والوں میں واضح فرق ہے، تاہم جو عناصر اس کاروبار میں ملوث ہیں انہیں کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے اور شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ معلومات فراہم کریں۔

انمول عرف پنکی کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پنکی زیادہ تر لاہور میں رہتی تھی اور اس کیس میں کئی اہم اور معتبر افراد کے نام سامنے آ سکتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ معاملے کو غیر ضروری طور پر گلیمرائز نہ کیا جائے تاکہ اس کی سنسنی خیزی میں اضافہ نہ ہو۔

آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ کچے کے علاقوں میں آپریشن نجاتِ مہران کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران 600 سے زائد ڈاکو یا تو مارے گئے، گرفتار ہوئے یا انہوں نے ہتھیار ڈال دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اب کوئی نو گو ایریا موجود نہیں اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہو چکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *