آئی ایم ایف کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 5500 روپے اضافے کا مطالبہ
اسلام آباد(بولونیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی مالی امداد میں 5500 روپے اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ بی آئی ایس پی کی رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے تک کی جائے۔ اس حوالے سے آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں پروگرام کے تمام انتظامی اور مالی امور پر تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کفالت پروگرام کی سہہ ماہی قسط میں بھی اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ مذاکرات کے سلسلے میں آج مجموعی طور پر چار ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں ایک ملاقات بی آئی ایس پی حکام جبکہ تین ملاقاتیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کے ساتھ ہوں گی۔


