چاغی روڈ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھاری مقدارمیں اسلحہ ودھماکہ خیز مواد برآمد

کوئٹہ(بولونیوز) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دالبندین–چاغی روڈ کے قریب ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ مواد میں 10 آئی ای ڈیز، 5 آر پی جی-7 گولے اور 5 مارٹر شیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کندھے سے فائر ہونے والے 11 میزائل بھی برآمد کیے گئے، جنہیں محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی اور برآمد شدہ اسلحہ و دھماکہ خیز مواد کسی بڑی تخریبی کارروائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔ علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *