خیبرپختونخوا حکومت کا دہشت گردوں کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف بڑا فیصلہ
پشاور(بولونیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردوں کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے عمل تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے 2400 سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام محکمے ایسے ملازمین کا مکمل ڈیٹا آن لائن سسٹم میں فوری طور پر اپ لوڈ کریں گے تاکہ جانچ پڑتال کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
دستاویزات کے مطابق تحقیقات کا دائرہ کار صرف سرکاری ملازمین تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ٹھیکیداروں اور دیگر افراد کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کے نام شیڈول فور میں شامل کرنے کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔


