کچہری میں پیرا فورس کا آپریشن تنازع کا شکار، وکلاء کا شدید احتجاج
ملتان(بولونیوز)کچہری میں تجاوزات کےخلاف کارروائی پیرافورس کومہنگی پڑگئی۔آج صبح پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) نے کچہری ملتان میں مختلف اسٹالز کو تجاوزات قرار دے کر اٹھانا شروع کیا، جس پر وکلاء نے شدید احتجاج کیا۔
وکلاء کا مؤقف تھا کہ پیرا فورس نے بغیر اجازت اور پیشگی اطلاع کے کارروائی کی، جو ناقابلِ قبول ہے۔ احتجاج کے دوران وکلاء نے کچہری ملتان کے تمام داخلی و خارجی دروازے بند کر دیے اور تالے لگا دیے، جس کے باعث پیرا فورس کے اہلکاروں کی گاڑیاں کچہری کے اندر ہی محصور ہو کر رہ گئیں۔
وکلاء نے واضح اعلان کیا ہے کہ جب تک ڈپٹی کمشنر ملتان خود موقع پر آ کر مبینہ بلا جواز کارروائی پر معافی نہیں مانگتے، کچہری کے گیٹس بند رہیں گے اور پیرا فورس کی کسی بھی گاڑی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واقعے کے بعد کچہری میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے جبکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔ صورتحال کے باعث سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


