فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکا ایران امن مذاکرات بچانے کیلئے سرگرم ہیں
اسلام آباد(بولونیوز)برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات کو آگے بڑھانے اور انہیں ناکام ہونے سے بچانے کے لیے سفارتی سطح پر سرگرم ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان ایک اہم ثالثی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ فریقین کے درمیان براہِ راست تصادم سے بچا جا سکے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عالمی طاقتیں بھی کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستے تلاش کر رہی ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اس کردار کو خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر فوری طور پر کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔


