خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت ہے
تہران(بولونیوز)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکا اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیاں ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق جنوبی کوریا کے خصوصی ایلچی نے تہران میں عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس دوران علاقائی صورتحال اور ایران کے مؤقف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کو بھی خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات کی واضح الفاظ میں مخالفت کرنی چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے اقدامات کر رہا ہے، اور ان اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری جارح قوتوں پر عائد ہوتی ہے۔


