ایرانی عدلیہ نے 8 خواتین سے متعلق ٹرمپ کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا
تہران(بولونیوز)ایرانی عدلیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 8 خواتین کی سزائے موت اور ان کی رہائی سے متعلق دعوؤں کو مکمل طور پر جھوٹا قرار دے دیا ہے۔عدلیہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں اور متعلقہ خواتین کو کبھی سزائے موت سنائی ہی نہیں گئی۔
ایرانی عدلیہ نے بیان میں کہا کہ “میدان میں ٹرمپ کے خالی ہاتھ انہیں جھوٹی خبروں کے ذریعے کامیابیاں گھڑنے پر مجبور کر رہے ہیں۔”
عدلیہ کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ روز بھی اسی نوعیت کا بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے ان کے مطالبے پر 8 خواتین کی سزائے موت روک دی ہے اور کچھ کو رہا بھی کیا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام نے ان بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر مسلسل غیر مصدقہ اور گمراہ کن دعوے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران میں سزا پانے والی 8 خواتین کی سزائے موت روک دی گئی ہے اور بعض کو رہا کیا جا رہا ہے۔


