بھارت کی مکاری کھل کر سامنے آ چکی ہے، عطاء اللّٰہ تارڑ

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جسے بھارت مسلسل اندرونی معاملہ قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے رہا ہے، جس سے اس کی پالیسیوں کی حقیقت سامنے آ چکی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے، تاہم بھارت اب تک اس واقعے پر اٹھنے والے سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔انہوں نے کہا کہ صرف 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مقدمے کا متن پہلے سے تیار کیا گیا تھا۔عطاء اللّٰہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ہندوتوا نظریے کے تحت اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے شواہد بھی بھارتی ریاست کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس اور خضدار سمیت دیگر دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی کردار کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں، جن کا وقتاً فوقتاً بین الاقوامی برادری اور میڈیا کے ساتھ تبادلہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو ماضی میں بھی معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اور آئندہ بھی اسے اپنی پالیسیوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *