لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی بریت کے خلاف درخواست مسترد کر دی

لاہور(بولونیوز) شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت کے خلاف درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے اس ضمن میں تحریری تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار وشال شاکر کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ دیا، جس میں درخواست گزار نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی بریت کو چیلنج کیا تھا۔

فیصلے میں عدالت نے کہا کہ درخواست گزار ایک پرائیویٹ شخص ہے اور کیس میں متاثرہ فریق نہیں، جبکہ بریت کو چیلنج کرنے کا اختیار صرف وفاقی حکومت یا پبلک پراسیکیوٹر کے پاس ہوتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ درخواست گزار نے بریت کے فیصلے کو تین سال چار ماہ بعد چیلنج کیا، جو قانونی طور پر مناسب نہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ درخواست گزار کے وکیل بریت کے فیصلے میں کسی غیر قانونی پہلو کی نشاندہی نہیں کر سکے۔ ٹرائل کورٹ نے شہباز شریف کے خلاف ٹھوس شواہد نہ ہونے پر بریت کی درخواست منظور کی تھی اور قانون کے مطابق شک کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کے پاس مکمل ریکارڈ موجود تھا اور اسے ریکارڈ کا جائزہ لینے کا مکمل اختیار حاصل تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے اور اسے صرف اسی صورت کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے جب وہ کمزور یا غیر قانونی ہو۔

اس کے علاوہ عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے شہباز شریف کی بریت کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *