پاکستان عالمی امن کا محور، اسلام آباد مذاکرات انسانیت کی جیت ہیں: چیئرمین ایم کیو ایم
کراچی(بولونیوز)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی کے معاہدے اور اسلام آباد میں ہونے والے متوقع مذاکرات کو عالمی امن کے لیے پاکستان کا تاریخی تحفہ قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور مقتدر حلقوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مرکزِ بہادر آباد سے جاری خصوصی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنی تزویراتی اہمیت اور سفارتی مہارت کا لوہا منوا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران جیسی عالمی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر لانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں محض تماشائی نہیں بلکہ امن کا سب سے بڑا ضامن ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ اسلام آباد کا عالمی امن کے مرکز کے طور پر ابھرنا اس امر کی دلیل ہے کہ جب بھی دنیا کو کسی سنگین بحران کا سامنا ہوا، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ جنگ بندی نہ ہوتی تو نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت شدید تباہی سے دوچار ہو سکتی تھی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کی دور اندیشی اور مضبوط دفاعی و سفارتی حکمتِ عملی نے عالمی طاقتوں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان خطے میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے۔ ان کے مطابق جنرل عاصم منیر کی زیرِ قیادت عسکری سفارت کاری نے وہ نتائج حاصل کیے جن کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ایک نئے اور روشن دور کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات نہ صرف مستقل جنگ بندی بلکہ خطے میں معاشی استحکام اور تجارتی راہداریوں کی بحالی کا باعث بنیں گے۔
آخر میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے، کیونکہ پاکستان نے اپنی سرزمین کو جنگ کے بجائے امن کے سنگم کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی پوری انسانیت اور مسلم اُمہ کے لیے خیر و برکت کا سبب بنے۔


