Category: پاکستان

  • گلستانِ جوہر میں رینجرز چوکی پر حملے کی شدید مذمت، ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس کا اظہارِ یکجہتی

    کراچی(بولونیوز)گلستانِ جوہر میں پاکستان رینجرز کی چوکی پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

    ادارے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے مذموم اور شرمناک حملے نہ صرف قومی امن و استحکام پر حملہ ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے حوصلے کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش بھی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ ہتھکنڈے قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ادارہ اپنے تمام سیکیورٹی اداروں، رینجرز، پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ دشمن کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ، باہمت اور غیرت مند قوم ہے جو ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس نے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمارے جوانوں کو جرات، بہادری اور استقامت عطا فرمائی ہے جس کے باعث وہ دشمن کے ہر ناپاک ارادے کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

    کراچی(بولونیوز)گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نےکراچی کےعلاقےموسمیات میں رینجرزکےدفترپر دہشتگردی کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے- انہوں نے پاک فوج, رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں- انہوں نے کہا کہ کراچی جتنا بڑا ہے اس میں تحفظ کا نظام اتنا ہی بڑا اور 7/24 کی بنیاد پر فعال ہونا چاہئے- انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں پر بجلی بن کر گر رہی ہیں ایسے میں ہر وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے- انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور زخمیوں کو جلد صحتیاب فرمائے-

  • کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 3 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

    کراچی(بولونیوز)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارت کے پراکسی گروہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا۔

    دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکہ کرنے کے بعد حفاظتی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاکستان رینجرز (سندھ) کے مستعد اور بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران تین خوارج ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جو افغان شہری ہے۔

    فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

    پاکستان اپنے شہداء کے خون کا حساب لینے اور اس حملے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔

    چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم قربانیوں نے وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان رینجرز (سندھ) کو دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر خراجِ تحسین

    کراچی(بولونیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

    وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کر کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

    وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

  • گستاخانہ اقدام کا شاندار جواب، پیمرا نے جیو نیوز کی نشریات 15روز کیلئے معطل کردیں

    اسلام آباد(بولونیوز)گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر پیمرا نے جیو نیوز کی نشریات 15 روز کیلئے معطل کردیں۔پیمرا اتھارٹی کاکہنا ہے کہ جیو نیوز کا لائسنس فی الفور 15 دن کے لیے معطل کردیاگیا۔ جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو پروگرام “سفرِ عشق” میں نا قابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی۔ جو نا صرف لائسنس کی خلاف ورزی بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار اور اصولوں کے خلاف منافی ہے۔ کیبل پر جیو نیوز کا چینل تلاش کریں تو اس پر لکھا آتا ہے کہ اس چینل کو پیمرا کی ہدایات پرآ ف ایئر کردیا گیا ہے۔

  • آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں وفاقی وزارتوں میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں بے نقاب

    اسلام آباد(بولونیوز) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ نے وفاقی وزارتوں میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبوں سے غیر آئینی طور پر حاصل کیے جانے والے فنڈز کی نگرانی مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے کی جائے تاکہ آئینی تقاضوں کے مطابق شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ آئینِ پاکستان 1973ء کو نظر انداز کرتے ہوئے کابینہ میں موجود مبینہ ’’نارووال گینگ‘‘ نے تین برس کے لیے قابلِ تقسیم پول میں صوبوں کے حصے کو منجمد کر دیا، جبکہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت صوبوں سے گرانٹس بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں وفاقی حکومت کے مالیاتی انتظام کی سنگین خامیاں واضح طور پر سامنے آئی ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں، کمزور نگرانی، رقوم کی عدم وصولی، غیر مجاز اخراجات اور حکمرانی کی ناکامیاں شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان معاملات پر پارلیمانی اور آئینی فورمز کے ذریعے فوری کارروائی ناگزیر ہے۔

  • ملیر کورٹ کے عقب میں خاتون ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق

    کراچی(بولونیوز)ملیرکورٹ کےعقب میں پیش آنےوالے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم ان کی عمر تقریباً 50 سال بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • بلوچستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کراچی کا رہائشی موبائل ڈیلر جاں بحق

    کراچی(بولونیوز)کراچی کے رہائشی موبائل ڈیلر علی جمیل بلوچستان میں دشت کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس میں ایک خاتون شدید زخمی جبکہ دو کمسن بچے محفوظ رہے۔

    کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین منہاج گلفام کے مطابق ناظم آباد کا رہائشی خاندان گاڑی میں کراچی سے کوئٹہ جا رہا تھا کہ مبینہ طور پر گوگل میپ کی غلط رہنمائی کے باعث دشت کے علاقے کھنڈ میں پہنچ گیا۔

    اطلاعات کے مطابق راستہ بھٹکنے پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاندان کے سربراہ علی جمیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود خاتون شدید زخمی ہوئیں۔ واقعے کے وقت گاڑی میں موجود دو کمسن بچے محفوظ رہے۔

    واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اہلِ خانہ اور تاجر برادری نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلسل دوسرے روز زلزلے، 125 مکانات متاثر، 19 افراد زخمی

    بلوچستان(بولونیوز)ضلع موسیٰ خیل سمیت صوبے کے بعض دیگر علاقوں میں ہفتہ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 اور 27 جون کو ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد معمولی زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 27 جون کو آنے والے زلزلے سے تحصیل کنگری میں 35 گھروں کو نقصان پہنچا اور 13 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ اس سے ایک روز قبل 26 جون کو بھی زلزلے کے جھٹکوں سے مکانات متاثر ہوئے تھے۔ دونوں دنوں میں آنے والے زلزلوں کے باعث مجموعی طور پر 125 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 19 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب ہفتہ کی شام اسلام آباد سمیت لاہور اور ملک کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

  • پنجاب میں ہواؤں اور بادلوں سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان

    لاہور(بولونیوز)پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ موسم کے ماہرین کے مطابق دوپہر تین بجے کے آس پاس آسمان پر نارمل بادل بننے کی توقع ہے، جو سورج کی تپش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

    ہواؤں کے چلنے اور بادلوں کی موجودگی سے درجۂ حرارت میں معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے شہریوں کو وقتی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال آئندہ چند گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔