Category: پاکستان

  • خاتون پولیس اہلکار کو ہراسانی کا معاملہ، منشی معطل، ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم

    کراچی(بولونیوز)پولیس کے ایک اہلکار کے خلاف خاتون پولیس اہلکار کو ہراسانی کے الزامات سامنے آنے پر کارروائی عمل میں آ گئی۔ ذرائع کے مطابق سعود آباد تھانہ میں تعینات منشی جاوید سپرا کو معطل کر کے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

    خاتون پولیس اہلکار نے اعلیٰ افسران کو دی گئی شکایات میں مؤقف اختیار کیا کہ جاوید سپرا دن ہو یا رات، بلا وجہ فون کالز کر کے خیریت دریافت کرنے اور غیر ضروری ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ تھانے فوراً پہنچنے پر زور دیتا رہا۔ خفیہ ذرائع کے مطابق متاثرہ اہلکارہ بارہا فوری طور پر پولیس وردی پہن کر تھانے پہنچی، تاہم کافی دیر انتظار کے بعد یہ کہہ دیا جاتا تھا کہ مبینہ “ریٹ پر جانا” منسوخ ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق معاملے سے دلبرداشتہ ہو کر خاتون پولیس اہلکار نے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کے دفتر پہنچ کر باضابطہ شکایت درج کرائی، جس پر فوری نوٹس لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاوید سپرا اس سے قبل تھانہ شاہ فیصل (ملیر سٹی) سے بھی معطل ہو چکا ہے۔ تازہ کارروائی کے تحت اسے دوبارہ معطل کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ الزامات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ خواتین اہلکاروں کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • جنوبی سوڈان کے ویزوں میں مبینہ ردوبدل، دو مسافر آف لوڈ

    اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جنوبی سوڈان جانے والے دو مسافروں کو ویزوں میں مبینہ ردوبدل کے باعث آف لوڈ کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس پر ورک ویزوں کے ذریعے جنوبی سوڈان جا رہے تھے۔

    ترجمان نے بتایا کہ آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت عبدالستار (سکنہ شیخوپورہ) اور محمد سہیل اصغر (سکنہ خانیوال) کے نام سے ہوئی۔ دورانِ امیگریشن کلیئرنس دونوں مسافروں کو سفری دستاویزات کی مزید جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔

    ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں مسافروں نے M/s Ezra Construction & Development Group کے ذریعے بطور ٹیکنیشن ملازمت حاصل کی تھی، جبکہ ان کا پراسیس بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔

    تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں مسافروں کو 22 جون 2026 کو بھی ویزا تصدیق کے لیے آف لوڈ کیا گیا تھا، کیونکہ ویزوں پر درج پوسٹل ایڈریس، نیکسٹ آف کن کا نام اور فون نمبر مشکوک پائے گئے تھے۔ اس موقع پر مسافروں کو متعلقہ سفارت خانے سے ویزوں کی تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    ترجمان کے مطابق مسافروں نے تصدیق کرانے کے بجائے ویزوں میں درج پوسٹل ایڈریس، نیکسٹ آف کن کا نام اور فون نمبر تبدیل/ردوبدل کروا لیا۔ دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ ان کے روزگار، ویزا اور بعد ازاں ویزا میں ردوبدل کے تمام انتظامات صداقت علی نے کیے، جو اس وقت جنوبی سوڈان میں مقیم ہے۔

    ایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • غیرملکی خواتین سےاجتماعی زیادتی،سپریم کورٹ جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

    لاہور(بولونیوز)غیر ملکی خواتین کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے سنگین واقعے پر جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل (JAP) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں پیش آنے والا یہ واقعہ نہ صرف آئین، قانون کی حکمرانی اور عدالتی آزادی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

    بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ غیر ملکی خواتین کے مقدمے میں مبینہ بااثر شخصیات کے کردار کی آزاد، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، کیونکہ صرف ایف آئی آر کا اندراج انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔ JAP کے مطابق انصاف کی فراہمی کے لیے آزاد عدالتی تحقیقات ناگزیر ہیں۔

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے آدھی رات کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپے کو عدلیہ پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی آزادی پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10-اے، 14 اور 25 کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

    JAP نے زور دیا کہ کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک خودمختار کمیشن تشکیل دیا جائے، تاکہ تمام حقائق منظرِ عام پر آ سکیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بااثر عناصر کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیا جا سکتا اور طاقتور افراد کو بچانے کی ہر کوشش قانون کی حکمرانی پر حملہ تصور کی جائے گی۔

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے متاثرہ غیر ملکی خواتین کو فوری اور مکمل انصاف فراہم کرنے، پولیس اور ریاستی اداروں کی کارکردگی کی غیر جانبدارانہ جانچ، اور عدلیہ، خواتین اور غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اصلاحات کا بھی مطالبہ کیا۔

    بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ شفاف تحقیقات کے بغیر عوامی اعتماد مزید مجروح ہوگا، جبکہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونے والی تحقیقات ہی سچ سامنے لا سکتی ہیں۔ JAP کے مطابق انصاف میں تاخیر اور مداخلت ریاستی ذمہ داری سے انحراف ہے، اور آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔

  • نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری، سیکٹر 11-F میں ماڈل گلیوں کا افتتاح

    کراچی(بولونیوز)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر پوری دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ جاری ہے، عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے سیکٹر 11-F کے کاغذی برادری محلہ تا ڈبل اسٹوری اور سیکٹر5c/4 نارتھ کراچی میں پیور بلاک سے تعمیر کی گئی ماڈل گلیوں کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مرحلہ وار سڑکوں اور گلیوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جبکہ پرانی اور خستہ حال گلیوں کو جدید طرز پر تعمیر کرکے انہیں ماڈل گلیوں کا درجہ دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری اور رہائشی سہولیات میسر آسکیں۔اس موقع پر انکے ہمراہ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاون شعیب بن ظہیرنیو کراچی ٹاون کی مختلف یوسیز کے چیئرمینز، وائس چیرمینز،کونسلرز ٹاون افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت صرف نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے۔ ہماری پوری ٹیم ایمانداری، دیانت داری اور عوامی اعتماد کو سامنے رکھ کر اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں سے جماعت اسلامی کے زیرانتظام 9 ٹاؤنز میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں، ان کی مثال دیگر ٹاؤنز میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اور خاص طور پر سات ہزار روڈ کی فوری تعمیر کو یقینی بنائیں، کیونکہ یہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور جگہ جگہ گڑھوں کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین برس سے مسلسل اس اہم شاہراہ کی تعمیر کے لیے توجہ دلائی جا رہی ہے، مگر تاحال کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ اگر سالانہ اربوں روپے کا بجٹ موجود ہے تو شہری بنیادی سہولیات سے کیوں محروم ہیں عوام کو اس کا جواب ملنا چاہیے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر بلدیاتی اداروں کو ٹاؤن انتظامیہ کے ماتحت کیا جائے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور شہری مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے ارتکاز کے بجائے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام خود فیصلہ کریں گے کہ کس نے ان کے مسائل حل کیے اور کس نے صرف دعوے کیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکٹر 11-F میں کاغذی برادری کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کی گلی کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔ ٹاؤن انتظامیہ نے اس مطالبے کو ترجیح دیتے ہوئے گلی کو پیور بلاک سے تعمیر کرکے ماڈل گلی کا درجہ دیا ہے۔ اس موقع پر گلی کا نام جماعت اسلامی کے مرحوم و مخلص کارکن فاروق مجید بھائی کے نام سے منسوب کیا گیا، جنہوں نے کاغذی برادری اور علاقے کی فلاح و خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔

  • سندھ اسمبلی میں جیو نیوز کے قابلِ مذمت مواد کے خلاف قرارداد جمع

    کراچی(بولونیوز)رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن سجاد علی سومرو نے صوبائی اسمبلی سندھ کے قواعدِ کار 2013 کے قاعدہ 124 کے تحت ایک اہم قرارداد جمع کرا دی ہے۔ قرارداد میں 10 محرم الحرام کے موقع پر جیو نیوز پر نشر کیے گئے قابلِ مذمت مواد کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، جس سے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شانِ اقدس، ناموسِ رسالت ﷺ، عقیدۂ ختمِ نبوت اور اسلامی مقدسات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گستاخی یا بے حرمتی ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ پاکستان کے آئین اور ملکی قوانین کے بھی سراسر منافی ہیں۔

    قرارداد میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ اگرچہ حکومتِ پاکستان اور پیمرا کی جانب سے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کیا گیا ہے، تاہم اس سنگین نوعیت کے معاملے میں محض عارضی معطلی ناکافی ہے۔ قرارداد کے مطابق ذمہ دار افراد اور متعلقہ ادارے کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ میڈیا ادارے کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کرنے سمیت کڑے قانونی اقدامات کیے جائیں۔

    سجاد علی سومرو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ناموسِ رسالت ﷺ، عقیدۂ ختمِ نبوت اور تمام اسلامی مقدسات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ یہ پارٹی کا ایمان، آئینی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے۔

  • سرجانی ٹاؤن میں نادرا کے جدید میگا سینٹر کا افتتاح، عوام کو بڑی سہولت میسر

    کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن میں نادرا کے جدید اور شاندار میگا سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے بعد منگھوپیر ٹاؤن اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے طویل مسافت طے کرنے کی زحمت سے نجات مل گئی ہے۔

    افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ تھے۔ اس موقع پر سینیٹر مسرور احسن، ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، وائس چیئرمین رانا محمد عارف، چیئرمین یونین کمیٹی 07 امید علی قاضی، وائس چیئرمین حافظ سید عمران علی سمیت معززینِ علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے مہمانانِ خصوصی کو سندھ کی ثقافتی علامت روایتی اجرک پیش کی۔

    افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر کا قیام اہلیانِ منگھوپیر ٹاؤن اور پوری ڈسٹرکٹ ویسٹ کے عوام کے لیے ایک تاریخی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں عملی جامہ پہنا رہے ہیں، اب شہریوں کو شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے لیے گھنٹوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ یہ میگا سینٹر محض ایک دفتر نہیں بلکہ عوامی سہولت کا مکمل مرکز ہے، جہاں نئے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید، کوائف کی درستگی، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، اسمارٹ کارڈ، NICOP، POC سمیت نادرا کی تمام جدید خدمات ایک ہی چھت تلے تیز، شفاف اور آسان طریقے سے دستیاب ہوں گی۔ خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے اور آئندہ بھی فلاحی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی سہولیات کو ان کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

    واضح رہے کہ نادرا میگا سینٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور نظام نصب کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کے تمام امور برق رفتاری سے نمٹائے جا سکیں۔ تقریب کے شرکاء اور علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو ڈسٹرکٹ ویسٹ کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا۔

  • انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، ایس ایس پی کا ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ پولیو کیمپوں کا دورہ

    کراچی(بولونیوز)کراچی میں انسدادِ پولیو مہم (06 جولائی تا 12 جولائی 2026) کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے مختلف پولیو کیمپوں کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ اور ڈی سی ساؤتھ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔

    ایس ایس پی مہزور علی نے ہدایت کی کہ پوری مہم کے دوران مستعدی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو ہر ممکن محفوظ ماحول فراہم کرنا ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری اور مؤثر تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران فیلڈ میں مسلسل نگرانی کریں اور مہم کے اختتام تک ڈیوٹی پر موجود رہیں تاکہ سیکیورٹی انتظامات ہر مرحلے پر مؤثر رہیں۔

    اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ورکرز سے بھی ملاقات کی اور سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل اور موبائل گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ پولیو ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنی قومی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

  • بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق سندھ حکومت کی نااہلی کا شرمناک ثبوت ہے، رضوان نیازی

    کراچی(بولونیوز)پاکستان تحریک انصاف سندھ کےنائب صدر رضوان نیازی نے کراچی کے کُلثوم بائی والیکا اسپتال میں درجنوں بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق پرشدید تشویش اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ سندھ حکومت کی بدترین نااہلی، ناقص انتظامی صلاحیت اور صحت کے شعبے میں برسوں سے جاری کرپشن کا المناک نتیجہ ہے۔ معصوم بچوں کا ایسے موذی مرض میں مبتلا ہونا کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، مگر سندھ حکومت اس سنگین معاملے پر بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

    رضوان نیازی نے کہا کہ اگر سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والے بچے بھی محفوظ نہ ہوں تو پھر عوام کس پر اعتماد کریں؟ صحت کے نام پر اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، لیکن اسپتالوں میں بنیادی حفاظتی اقدامات، معیاری طبی آلات اور مؤثر نگرانی کا فقدان حکومتی دعوؤں کی حقیقت کو بے نقاب کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک اسپتال تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے کے صحت کے نظام کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔ سندھ میں صحت کا شعبہ سیاسی مداخلت، کرپشن اور ناقص انتظام کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، جس کا خمیازہ عام شہری اور خصوصاً معصوم بچے بھگت رہے ہیں۔

    رضوان نیازی نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی اعلیٰ سطح پر آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار ڈاکٹروں، انتظامی افسران اور متعلقہ حکام کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی بھی بااثر شخصیت کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔

    انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ متاثرہ تمام بچوں کو فوری طور پر بہترین اور مفت طبی سہولیات، ادویات، نفسیاتی معاونت اور مالی امداد فراہم کی جائے، جبکہ سندھ بھر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں سرنجوں، خون کی منتقلی اور دیگر طبی آلات کے استعمال کا ہنگامی آڈٹ کر کے سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

    رضوان نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

    جاری کردہ ایڈوائزر و ترجمان پی ٹی آئی سندھ

  • فلیٹ کا صفایا، بیٹی کی شادی کا سامان سمیت ساڑھے چار لاکھ روپے نقدی چوری

    کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب واقع ہارون ویو اپارٹمنٹ کے ایک رہائشی فلیٹ میں مبینہ چوری کی واردات کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا سامان، طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کر لی گئی۔

    متاثرہ شہری عبدالخالق کے مطابق وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پکنک پر گئے ہوئے تھے کہ ہفتہ 4 جولائی 2026 کو شام تقریباً 6 بجے نامعلوم ملزم ان کے فلیٹ نمبر 403، بلاک H، چوتھی منزل میں داخل ہوا اور گھر کا صفایا کر گیا۔

    مدعی کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں طلائی زیورات، خواتین کے برائیڈل سوٹ، نئے جینٹس سوٹ، بچوں کے کپڑے، الیکٹرانک سامان، ایک موبائل فون اور 4 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی تین ماہ بعد طے ہے اور شادی ہال بھی بک کیا جا چکا ہے، تاہم اس واردات کے باعث شادی کی تیاریاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ عمارت اور اطراف سے حاصل ہونے والی بعض سی سی ٹی وی فوٹیجز میں مبینہ ملزم کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص ملزم کے بارے میں معلومات رکھتا ہو تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کرے۔

    متاثرہ شہری نے پولیس حکام سے فوری کارروائی اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

  • پاک فوج کے شہید کیپٹن کرنل شیر خان نشانِ حیدر کی 27ویں برسی، شاندار خراجِ عقیدت

    راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ائیر اسٹاف سمیت پاک مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

    پاک مسلح افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطنِ عزیز کی دفاع میں بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کی مثال قائم کی۔ 1999 کی کارگل جنگ کے دوران انہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں دشمن کے خلاف جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کا دفاع کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔

    بیان کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے پاک فوج کی اعلیٰ روایات کے مطابق جان کا نذرانہ پیش کیا، اور بہادری، وقار اور بے لوث خدمت کی ایسی مثال چھوڑ گئے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

    پاک مسلح افواج کا کہنا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آنے والی نسلوں کو حب الوطنی، جرات اور ملکی سالمیت کے دفاع کا درس دیتی رہے گی۔ قوم اور افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہید کے مشن اور نظریات کی ہمیشہ حفاظت کی جائے گی اور ان کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔