Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ایران کی شکایت کی آواز گونج اٹھی، امریکا پر سفری پابندیوں کا الزام

    تہران(بولونیوز)ورلڈ کپ کے سلسلے میں ایرانی فٹبال فیڈریشن نے امریکا کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ ایرانی فیڈریشن کے مطابق بیلجیئم کے خلاف میچ سے دو دن قبل امریکا میں داخلے کے لیے دی گئی درخواست میزبان ملک کی جانب سے قبول نہیں کی گئی، جس کے باعث ٹیم کی تیاریوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس غیر منصفانہ سلوک پر فیفا میں شکایت درج کرا دی گئی ہے، کیونکہ سفری رکاوٹوں نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو متاثر کیا۔

    بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس معاملے کو نمایاں کوریج دی ہے۔
    France 24 کے مطابق ایران نے امریکا کی سفری پابندیوں کی شکایت کی ہے، جن کے باعث ورلڈ کپ کی میزبانی کے دوران تیاریوں میں مشکلات پیدا ہوئیں۔
    BBC نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے فیفا سے امریکی حکومت کی جانب سے ورلڈ کپ سے متعلق عائد پابندیوں پر باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
    جبکہ The Guardian لکھتا ہے کہ ایران نے کھیل کے لیے سفری پابندیوں کی بنیاد پر ایک بار پھر امریکا کی ورلڈ کپ میزبانی کو چیلنج کر دیا ہے۔

    ایرانی فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے، تاہم امریکی اقدامات نے نہ صرف ٹیم کی تیاری بلکہ کھیل کی روح کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس معاملے پر فیفا کے ممکنہ ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • ٹرمپ اور میلونی کے درمیان بڑھتی کشیدگی، اطالوی وزیر خارجہ کا امریکا کا دورہ منسوخ

    روم/واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد اٹلی کے وزیر خارجہ نے امریکا کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے فرانس کے شہر ایوین میں ہونے والے گروپ آف 7 کے اجلاس کے دوران ان کے ساتھ ایک یادگاری تصویر لینے کی “منت” کی تھی۔

    ٹرمپ کے اس بیان پر اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے بیانات مکمل طور پر من گھڑت اور جعلی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واقعی نہیں جانتیں کہ امریکی صدر اپنے اتحادیوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ کیوں اختیار کرتے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے۔

    اطالوی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ٹرمپ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اٹلی اور اس کی قیادت کبھی بھیک نہیں مانگتی، بلکہ وہ ہمیشہ باوقار، مضبوط اور خوددار رہے ہیں۔

    اس تنازع کے بعد اٹلی کے وزیر خارجہ نے امریکا کے شہر میامی کا اپنا پہلے سے طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا۔ سفارتی حلقوں کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کا واضح اظہار ہے، جس کے اثرات دوطرفہ تعلقات پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

  • ایران کی جوہری تنصیبات کے معائنے کا کوئی منصوبہ نہیں، وزارت خارجہ

    تہران(بولونیوز)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ اس وقت بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے لیے ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں ہے۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کے حوالے سے آئی اے ای اے کے معائنے سے متعلق فی الحال کوئی شیڈول یا انتظام طے نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

    ترجمان کے مطابق ایران اپنی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے فیصلے کرتا ہے، تاہم معائنے کے حوالے سے کوئی نیا اقدام اس وقت زیر غور نہیں۔ اس بیان کو خطے میں جاری سفارتی اور جوہری امور کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • دبئی ائیر پورٹ پر لاوارث سوٹ کیس سے زندہ چھپکلیاں، بچھو، سانپ اور مینڈک برآمد

    دبئی(بولونیوز) دبئی ائیر پورٹ پر لاوارث سوٹ کیس سے زندہ چھپکلیاں، بچھو، سانپ اور مینڈک برآمد ہوئے، بیگ کے مالک کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکیورٹی حکام نے لاوارث سوٹ کیس کی تلاشی کے دوران اس کے اندر سے بڑی تعداد میں زندہ اور خطرناک جانور برآمد کرلیے۔

    ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ لاوارث بیگ مشکوک معلوم ہونے پر جب اسے کھولا گیا تو اس میں غیر قانونی طور پر اسمگل کیے جانے والے درجنوں رینگنے والے جانور اور حشرات موجود تھے۔

    بیگ کی گنتی کے دوران 129 زندہ چھپکلیاں ، 36 زہریلے بچھو ، 8 زندہ سانپ اور 50 زندہ مینڈک برآمد ہویے

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوٹ کیس سے برآمد ہونے والے تمام جانوروں کی مناسب دیکھ بھال، تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر جنگلی حیات اور متعلقہ متعلقہ اداروں سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

    سکیورٹی حکام نے بیگ کے مالک کا سراغ لگانے اور یہ غیر قانونی کھیپ دبئی لانے یا یہاں سے آگے اسمگل کرنے کی کوشش کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • ہماری تلوار ہمیشہ آبنائے ہرمز پر لٹکتی رہے گی

    تہران(بولونیوز)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اب پہلے کی طرح نہیں ہوگا، ہماری تلوار ہمیشہ اس پر لٹکتی رہے گی، اور جب بھی ضروری ہوا ہماری مسلح افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہو جائیں گی۔ انھوں نے کہا معاہدے پر دستخط ڈیجیٹل طریقے سے آئندہ چند روز میں ممکن ہے۔

    عباس عراقچی نے کہا آبنائے ہرمز پر عالمی قوانین کے مطابق قانونی نظام نافذ ہوگا، کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا لیکن جہازوں کو دی جانے والی سہولیات کے اخراجات وصول کیے جائیں گے، آبنائے پر نئے قواعد و ضوابط کا نفاذ اگلے 60 دنوں میں کیا جائے گا، تمام جہازوں کو نئے قواعد کے مطابق گزرنا ہوگا، تجارتی اور عسکری بحری جہازوں کے لیے علیحدہ علیحدہ قوانین ہوں گے۔

    ایرانی میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا معاہدے میں 14 نکات ہیں، حتمی شکل دینے کے بعد ایک ایک نکتہ بیان کروں گا، معاہدے کے بعض دشمن بھی ہیں جن میں سرفہرست اسرائیل ہے، اس وجہ سے میڈیا پر اس معاہدے کے نکات ابھی بیان نہیں کروں گا، معاہدے کا وہ متن جو میڈیا پر گردش کر رہا ہے اس کی تصدیق نہیں کرتا، فی الحال امریکی حکام اور ہم نے بھی میڈیا پر زیر گردش نکات کی تصدیق نہیں کی، معاہدے میں ایسا نہیں ہوتا کہ ایک طرف 100 فی صد رضا مند ہو اور دوسرے کے پاس کچھ بھی نہ ہو۔

  • سوئٹزرلینڈ کی ایران اور امریکا کے ممکنہ معاہدے کی میزبانی کی تیاری

    سوئٹزرلینڈ(بولونیوز) سوئس وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اگر فریقین متفق ہوں تو سوئٹزرلینڈ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کی میزبانی کر سکتا ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سوئس وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ پیشکش اس صورت میں قابلِ عمل ہوگی جب متعلقہ فریق اس پر اتفاق کریں۔

    رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہے، جس کے لیے سفارتی سطح پر مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔

    سوئٹزرلینڈ اس سے قبل بھی عالمی سطح پر متعدد سفارتی مذاکرات اور معاہدوں کی میزبانی کر چکا ہے، جس کے باعث اسے غیر جانبدار سفارتی مرکز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

    حکام کے مطابق حتمی فیصلہ فریقین کی رضامندی اور مذاکراتی پیش رفت پر منحصر ہوگا۔

  • متحدہ عرب امارات کا جنوبی کوریا سے چیونگونگ II ایئر ڈیفنس سسٹم کی تیسری بیٹری حاصل کرنے کا فیصلہ

    متحدہ عرب امارات / جنوبی کوریا(بولونیوز) متحدہ عرب امارات نے جنوبی کوریا سے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم چیونگونگ II کی تیسری بیٹری حاصل کرنے کے لیے مزید C-17 ٹرانسپورٹ طیارے روانہ کر دیے ہیں۔

    جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق مجموعی طور پر آٹھ C-17 طیارے اس عسکری سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چیونگونگ II کی تیسری بیٹری مقررہ شیڈول سے تقریباً ایک ماہ قبل فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ساتھ درجنوں انٹرسیپٹر میزائل بھی شامل ہوں گے۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں نصب دو بیٹریاں مبینہ طور پر امریکی پیٹریاٹ اور اسرائیلی ایرو سسٹمز کے ساتھ مل کر حالیہ ایرانی میزائل حملوں کے دوران فعال کی گئی تھیں، جن میں کم از کم 60 انٹرسیپٹر میزائل فائر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    حکام کے مطابق یہ پیش رفت متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے

  • جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے، اپریل جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی

    لبنان(بولونیوز) جنوبی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے تازہ حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں فضائی حملوں، ڈرون کارروائیوں اور توپ خانے سے شیلنگ شامل ہے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق مختلف قصبوں اور دیہاتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائیاں اپریل میں طے پانے والی جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔

    دوسری جانب صورتحال پر علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے سرکاری ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے

  • آسام کے جورہاٹ ایئر بیس پر بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ مبینہ طور پر تباہ

    بھارت / آسام(بولونیوز)بھارتی فضائیہ کا ایک AN-32 ٹرانسپورٹ طیارہ مبینہ طور پر ریاست آسام کے جورہاٹ ایئر بیس پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات، طیارے میں سوار عملے کی حالت اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں ابھی تک تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ حکام کی جانب سے باضابطہ بیان اور مکمل رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    سیکیورٹی اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ مزید معلومات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔

    بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے ابتدائی طور پر تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

  • پاکستان آرمی کی برطانیہ میں شاندار کامیابی، بین الاقوامی فوجی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل

    برطانیہ(بولونیوز)پاکستان آرمی نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے ایک بین الاقوامی فوجی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کی نمائندگی کرنے والی ٹیم نے انٹرنیشنل پیس اسٹیکنگ کمپیٹیشن 2026 میں مجموعی طور پر ٹیم ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ انفرادی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم نے بیسٹ پیس اسٹیکر اور بیسٹ ڈرائیور کے اعزازات بھی جیت لیے۔

    میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی دستہ 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچا تھا۔ یہ مقابلہ برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر کی 16 مختلف ممالک کی فوجی ٹیموں نے حصہ لیا۔

    سخت اور منظم مقابلے کے باوجود پاکستانی ٹیم نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، بہترین ٹیم ورک اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں برتری حاصل کی۔

    فوجی ذرائع کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی کے اعلیٰ تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔