Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • سید ناصر حسین شاہ کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، سید کمیل حیدر شاہ

    سکھر(بولونیوز) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سید ناصر حسین شاہ بالکل خیریت سے ہیں اور ان کے آئی سی یو میں ہونے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سید ناصر حسین شاہ معمول کے طبی معائنے اور پہلے سے طے شدہ طبی پروسیجر کے لیے ابوظہبی گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ پروسیجر کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔

    سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سید ناصر حسین شاہ چند روز میں پاکستان واپس آ جائیں گے اور پہلے کی طرح عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں، جبکہ دعاؤں، فون کالز اور نیک تمناؤں پر تمام خیرخواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • امریکا ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد نئی پیشرفت

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔امریکا ایران مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے امریکا ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور سوئٹزرلینڈ میں ہونے کا امکان ہے۔سفارتی حکام کے مطابق امریکا ایران واضح ہیں کہ اسلام آباد ایم اویو پر واپس آنا چاہیے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کی درخواست پر مذاکرات جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

    سوشل ٹروتھ پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے تاہم امریکا نے ایران کوواضح بتا دیا کہ جنگ بندی ختم ہو چکی۔ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کے بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی حملے کا جواب دیا جائے گا اور اسرائیل کو بخشا نہیں جائے گا۔

    ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری محمد باقر ذولغدر نے جمعہ کے روز یہ انتباہ جاری کیا جب حالیہ حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی برقرار ہے۔

    نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ قطر مزید کشیدگی کو روکنے اور مواصلاتی ذرائع کو کھلا رکھنے کی کوشش میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثی کر رہا ہے۔

  • وفاقی حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق حکومتی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نئی قیمتوں کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • ایم کیو ایم ایک ہی ہے، ایم کیو ایم لندن کی کوئی عوامی بنیاد نہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی(بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ایک ہی ہے اور وہ ایم کیو ایم پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایم کیو ایم لندن کی نہ کوئی بنیاد ہے اور نہ ہی کوئی عوامی مقبولیت۔

    مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عوامی خدمت اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہے اور پارٹی اپنی پالیسیوں کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

  • عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

    اسلام آباد(بولونیوز) عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم عالمی بینک کے 10 سالہ توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے فراہم کیے جانے والے مالی تعاون کا حصہ ہے۔

    حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ملک کے توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانا، بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانا اور بجلی کی بندش میں کمی لانا ہے، تاکہ صارفین کو زیادہ مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس مالی معاونت سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، نظام کی استعداد میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

  • ہفتہ وار مہنگائی میں 0.45 فیصد کمی، متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں حساس قیمتوں کے اشاریے (SPI) کے تحت ہفتہ وار مہنگائی میں 0.45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

    ادارۂ شماریات کے مطابق مجموعی ہفتہ وار مہنگائی میں کمی کے باوجود متعدد ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث صارفین پر مہنگائی کا دباؤ بدستور موجود ہے۔

  • آپریشن “شعبان” میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک، تعداد 39 ہوگئی

    اسلام آباد(بولونیوز) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن “شعبان” کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد آپریشن کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے جاری مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری ہیں۔

    سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل نہیں ہو جاتا۔

  • شیخ حسینہ کا دسمبر میں وطن واپسی اور عدالت میں پیش ہونے کا اعلان

    ڈھاکا(بولونیوز) بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے ایک بار پھر دسمبر میں بھارت سے وطن واپس جانے اور عدالت میں خود کو پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں شیخ حسینہ نے کہا کہ انہیں گرفتاری یا جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ اپنی سرزمین پر واپس جانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقررہ وقت پر بنگلہ دیش پہنچ کر قانونی کارروائی کا سامنا کریں گی۔

    سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ تمام تر خدشات کے باوجود اپنے ملک واپس جانے کے فیصلے پر قائم ہیں اور عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف بیان کریں گی۔

  • اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج جاری، اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان

    راولپنڈی(بولونیوز) بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج ختم نہیں ہوا، بلکہ اب تحریک کو نئے مرحلے میں داخل کرتے ہوئے اسٹریٹ موومنٹ شروع کی جا رہی ہے۔

    علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد صرف اپنے بھائی سے ملاقات کرنا نہیں، بلکہ ان کے قانونی اور آئینی حقوق کی بحالی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دیگر سرگرمیاں اسی مقصد کے حصول کے لیے جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

  • موٹرویز اور ہائی ویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ، نئے نرخ آج سے نافذ

    اسلام آباد(بولونیوز) حکومت نے ملک بھر کی موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئے نرخ آج سے نافذ العمل ہو گئے ہیں، جس کے تحت مختلف شاہراہوں پر سفر کرنے والی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق کاروں کے لیے ٹول ٹیکس میں 100 روپے، ویگن اور منی بسوں کے لیے 200 روپے جبکہ بسوں کے لیے 300 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے نرخ تمام متعلقہ موٹرویز اور ہائی ویز پر فوری طور پر نافذ ہوں گے، جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو سفر کے دوران نظرثانی شدہ ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔