Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • ملاوٹ شدہ پیٹرول فروخت کرنے والا پمپ سیل، منیجر گرفتار

    اسلام آباد(بولونیوز) شہریوں کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) شالیمار نے ملاوٹ شدہ پیٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایف-10 میں ایک پٹرول پمپ کو سیل کر دیا۔

    انتظامیہ کے مطابق مذکورہ پٹرول پمپ پر پیٹرول میں پانی ملا کر فروخت کیا جا رہا تھا۔ انسپکشن ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پیٹرول کے نمونے حاصل کیے، جن کی ابتدائی جانچ کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    کارروائی کے دوران پٹرول پمپ کے منیجر کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • میٹا کے دفتر میں پارسل سے نکلنے والی گلہری نے سب کو حیران کر دیا

    بنکاک(بولونیوز)تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں میٹا کے دفتر میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک پارسل کھولنے پر اس میں سے اچانک گلہری نکل آئی، جس نے دفتر میں موجود افراد کو حیران کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق گلہری کچھ دیر تک دفتر کے مختلف حصوں میں آزادانہ گھومتی رہی، جبکہ عملہ اسے محفوظ طریقے سے پکڑنے کی کوشش کرتا رہا۔

    واقعے کے دوران گلہری نے ایک صفائی کرنے والے ملازم کی انگلی پر معمولی چک بھی لگا دی، تاہم کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔

  • متحدہ عرب امارات کے لیے تجارتی سہولتوں میں بڑی توسیع

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو برآمدات کے لیے خصوصی سہولتوں اور رعایت حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے برآمدی ضوابط میں نمایاں نرمی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو ایکسپورٹ ایڈمنسٹریشن ریگولیشنز (EAR) کے تحت کنٹری گروپ اے-5 میں شامل کیا ہے۔

    امریکی محکمہ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی کے مطابق نئی درجہ بندی کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت اور منظور شدہ تجارتی ادارے اسٹریٹجک ٹریڈ آتھرائزیشن کے تحت متعدد اہل مصنوعات انفرادی برآمدی لائسنس کے بغیر درآمد کر سکیں گے، بشرطیکہ وہ امریکی برآمدی قوانین اور مقررہ شرائط کی مکمل پابندی کریں۔

    اس فیصلے کے بعد متحدہ عرب امارات کو جدید امریکی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) چپس، بعض فوجی سازوسامان، تجارتی سیٹلائٹس، خلائی ٹیکنالوجی اور دوہرے استعمال کی متعدد اشیا تک پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان رسائی حاصل ہوگی۔

  • پی آئی اے کے نئے سی ای او کے طور پر تولدے گیبریماریم مقرر

    اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ تولدے گیبریماریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق تولدے گیبریماریم کی قیادت میں ایتھوپین ایئرلائنز نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ان کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایئرلائن کی بہتری، جدید انتظامی اصلاحات اور عالمی معیار کے مطابق آپریشنز کو فروغ دینے کے لیے تولدے گیبریماریم کو ادارے کی قیادت سونپی گئی ہے۔

    امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئے سی ای او کی تقرری سے پی آئی اے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور قومی ایئرلائن کو بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2026، جنوبی افریقا کے فٹبالر جے ڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

    جنوبی افریقا(بولونیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فٹبالر جے ڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔جے ڈن ایڈمز نے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق ان کے انتقال کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، جبکہ ان کی اچانک وفات پر فٹبال حلقوں اور شائقین کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • غیرت کے نام پر نوجوان جوڑے کو مبینہ طور پر زہر پلانے کا واقعہ، شوہر جاں بحق، خاتون تشویشناک

    ٹیکسلا(بولونیوز) ٹیکسلا میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر نوجوان میاں بیوی کو زبردستی زہر پلانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں نوجوان افضل جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نوجوان میاں بیوی نیم بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں نے تقریباً تین ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

  • لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش

    لاہور(بولونیوز)لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

    کمشنر نعمان یوسف نے واسا، ایم سی ایل، ایل ڈی اے کی ٹیموں کو فیلڈ میں رہنے کا حکم جاری کیا ہے، اور کہا ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کی خود نگرانی کریں، مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز کو کلیئر رکھا جائے، سی بی ڈی، روڈا ٹیمیں الرٹ رہیں۔

    کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ بجلی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو فوری جنریٹرز پر چلایا جائے، اور اسٹیشنز کے پمپس کو آپریشنل رکھا جائے، جب کہ واسا ٹاؤن ڈائریکٹرز مانیٹرنگ کریں۔

    ادھر ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ موٹر وے ایم-2 پر کوٹ مومن سے ٹھوکر نیاز بیگ تک متعدد مقامات پر بارش ہوئی ہے، لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم-3 پر فیض پور سے ننکانہ تک موسم ابر آلود ہے، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں اس لیے ڈرائیور انتہائی احتیاط سے سفر کریں، رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، بارش کے دوران غیر ضروری اوور ٹیکنگ، تیز رفتاری اور اچانک بریک سے گریز کریں۔

    ترجمان نے کہا ہیڈ لائٹس، وائپرز درست حالت میں رکھیں، لین ڈسپلن اور سیٹ بیلٹ استعمال کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کریں۔

  • سُتھرا پنجاب کے بے لگام ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا

    لاہور(بولونیوز)سُتھرا پنجاب کے بے لگام ٹرک نے ایک موٹر سائیکل کو روند کر ایک اور گھر کا چراغ گُل کر دیا۔لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے ستھرا پنجاب کے بے لگام ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، جس سے ڈیڑھ سال کی معصوم بچی جاں بحق جب کہ اس کے والدین شدید زخمی ہو گئے۔

    حادثے کے بعد مشتعل ہجوم نے ڈرائیور کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ٹریفک انسپکٹر کوٹ لکھپت نے موقع پر پہنچ کر ٹرک ڈرائیور کو مشتعل شہریوں سے بچا کر اپنی تحویل میں لیا۔

    ٹریفک پولیس نے ڈرائیور، ٹرک اور موٹر سائیکل کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا۔ لاہور ٹریفک پولیس نے ستھرا پنجاب کے ڈرائیورز کی تربیت کے لیے پہلے ہی متعلقہ حکام کو خط لکھا تھا۔

  • آج گھروں سے گاڑی اور موٹر سائیکل پر نکلنے والے ہوشیار، ’’بڑی سزا‘‘ ہو سکتی ہے!

    لاہور(بولونیوز)اتوار کو ہفتہ وار تعطیل پر گاڑی یا موٹر سائیکل پر نکلنے والے ہوشیار ہو جائیں کیونکہ انہیں بڑی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اتوار کو ہفتہ وار تعطیل پر لوگوں کی بڑی تعداد گھومنے پھرنے دوستوں کے ساتھ نکلتی ہے۔ تاہم آج کم عمر، بغیر لائسنس گاڑی یا موتر سائیکل چلانے والے اور تین افراد کی سواری والے کسی بھی عمر کے موٹر سائیکل سوار کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    اس حوالے سے سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی، موٹر سائیکل بھی بند کر دی جائے گی اور صرف جووینائل پرمٹ دکھانے پر ہی چھوڑی جائے گی۔

    سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ چھٹی کے روز بچے گھر سے موٹر سائیکل، گاڑی اور رکشا لے کر سڑکوں پر آ جاتے ہیں، اس لیے آج یہ کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محفوظ سفر کے پیش نظر موٹر سائیکل پر 3 افراد کے سوار ہونے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

  • پہلی بار اپنا بل دیکھ کر سرکاری افسر کے ہوش اڑ گئے

    لاہور(بولونیوز)مفت بجلی ختم ہونے پر پہلی بار اپنا بل دیکھ کر سرکاری افسر کے ہوش اڑ گئے اور غریب عوام کی بے بسی کا احساس ہو گیا۔لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 تک کے ملازمین کے لیے مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی اور اب انہیں عام شہریوں کی طرح بجلی کے بل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    تاہم پہلی بار بجلی کے بھاری بل ملنے پر کئی دہائیوں سے آرام سے رہنے والے افسران نے سر پکڑ لیا اور انہیں عوام کی بے بسی کا احساس ہو گیا ہے، جس کا وہ برملا اظہار کر رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ لیسکو کے ایک ایس ڈی او کو مفت بجلی ختم ہونے پر جب پہلے مہینے کا بجلی کا بل ملا تو وہ بل کی رقم دیکھ کر سر پکڑ کر بیٹھ گئے اور دو دن کی چھٹی پر چلے گئے۔مذکورہ ایس ڈی او کا گھر 10 مرلے کا ہے اور ان کا بل 72 ہزار روپے کا آیا ہے۔

    اتنا زیادہ بل دیکھ کر ایس ڈی او کا کہنا ہے کہ 28 سالہ سروس میں کبھی بھی بجلی کا بل نہیں دیا۔ آج بل دیکھ کر احساس ہوا کہ بجلی واقعی مہنگی ہے۔ عوام جو بل دیتے ہوں گے، ان کا کیا حال ہوتا ہوگا۔