Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے ایک ہزار دن مکمل، شہادتوں اور انسانی بحران میں خوفناک اضافہ

    غزہ(بولونیوز)اسرائیلی جارحیت کے ایک ہزار دن مکمل ہو گئے، جہاں نسل کشی کے نتیجے میں انسانی المیہ مزید سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔

    مقامی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک تقریباً 73 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 42 ہزار سے زیادہ ایسے افراد شامل ہیں جنہیں شدید نوعیت کے زخموں کے باعث فوری اور خصوصی طبی علاج کی اشد ضرورت ہے۔

    وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران اکتوبر 2023 سے قبل فعال طبی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں 94 فیصد طبی مراکز کسی نہ کسی درجے میں تباہ یا غیر فعال ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ہزاروں مریضوں کے لیے علاج کی واحد امید بیرونِ ملک منتقلی رہ گئی ہے۔

    تاہم وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل اب بھی 17 ہزار مریضوں اور زخمیوں کو، جنہیں بیرونِ ملک علاج کے لیے باقاعدہ طبی ریفرل جاری ہو چکا ہے، سفر کی اجازت نہیں دے رہا۔ اس تاخیر کے باعث مریضوں کی حالت روز بروز بگڑ رہی ہے اور اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

    طبی حکام نے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور انسانی بنیادوں پر مریضوں کو علاج کی اجازت دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔

  • آئندہ ایک دو ہفتے میں پیٹرول کی قیمت کم ہونے کا امکان، مشیر وزیرِ اعظم

    اسلام آباد(بولونیوز) وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے آئندہ دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔
    نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کے خیال میں آئندہ ایک دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں کمی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم از کم 60 دن تک نیچے رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کا فائدہ پاکستان کو بھی مل سکتا ہے۔

    مشیر وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ تیل کمپنیاں حکومت کو نہ بلیک میل کر سکتی ہیں اور نہ ہی انہوں نے ایسا کیا ہے۔ ان کے مطابق تیل کمپنیوں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور ملک کے کسی بھی پیٹرول پمپ پر کسی قسم کا بحران یا جھگڑا سامنے نہیں آیا۔

    رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔

  • آج پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش متوقع

    لاہور(بولونیوز)ملک کے مختلف حصوں میں آج موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیش گوئی جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح دالبندین، جیکب آباد اوردادومیں درجہ حرارت44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،جبکہ سکھرمیں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    اسی طرح مظفرآباد میں 39 ڈگری، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جہاں موسم گرم اور مرطوب محسوس کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کا اہم اجلاس

    کراچی(بولونیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر رہنما انیس احمد قائم خانی نے کی۔

    اجلاس میں رکنِ مرکزی کمیٹی و انچارج سی او سی فرقان اطیب، مرکزی رہنما شاکر علی اور نیک محمد، مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کے سینئر جوائنٹ انچارج نادر قریشی، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کے اراکین اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انیس احمد قائم خانی نے سوشل میڈیا سے وابستہ ساتھیوں کو ہدایت کی کہ وہ سندھ میں عوام کو درپیش محرومیوں، پاکستان پیپلز پارٹی کی 18 سالہ ناقص کارکردگی، بدانتظامی اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں اور سوشل میڈیا پر بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائیں۔

    انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام سے مضبوط رابطہ قائم کیا جائے، حقائق کو مؤثر انداز میں پیش کیا جائے اور عوام کو ان کے مسائل اور حقوق کے حوالے سے متحرک کیا جائے تاکہ سندھ کے عوام کی آواز ہر سطح پر مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔

  • عباسی شہید اسپتال میں سہولیات کا شدید بحران، بچوں کا وارڈ بند، ادویات ناپید، نوجوان ڈاکٹرز کا احتجاج

    کراچی(بولونیوز) میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیرِ انتظام شہر کے بڑے سرکاری طبی ادارے عباسی شہید اسپتال میں طبی سہولیات کے سنگین بحران نے مریضوں اور طبی عملے دونوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسپتال کا بچوں کا وارڈ بند ہونے کے باعث ننھے مریضوں کو بروقت علاج میسر نہیں آ رہا، جبکہ او پی ڈی میں ادویات کی شدید قلت کے باعث غریب اور نادار مریض نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔

    دوسری جانب اسپتال میں تعینات ینگ ڈاکٹرز نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، ملازمت کے تحفظ اور سیکیورٹی کی فراہمی کے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ محدود وسائل اور غیر محفوظ حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں بروقت تنخواہیں اور مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں بنیادی سہولیات فوری طور پر بحال کی جائیں، ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، بچوں کا وارڈ دوبارہ فعال کیا جائے اور طبی عملے کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔

    شہریوں نے بھی متعلقہ حکام، خصوصاً کراچی میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

  • وزیراعظم کی ترک کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    استنبول(بولونیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم سے چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

    ان ملاقاتوں میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط سیاسی اور تاریخی رشتوں کو ایک جامع اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توانائی، انفرااسٹرکچر، صنعت، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

    وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کاروبار دوست اصلاحات، سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ترک کاروباری رہنماؤں نے پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

  • سانحہ جھیل سیف اللہ، (ر) کمانڈر عامر ہندل کے برادر نسبتی نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا

    خیبرپختونخوا(بولونیوز)سانحہ جھیل سیف اللہ میں اہلِ خانہ سمیت جاں بحق ہونے والے پاک بحریہ کے ریٹائرڈ افسر عامر ہندل کے برادر نسبتی نوید چیمہ نے واقعے کو محض حادثہ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید چیمہ کا کہنا تھا کہ اس سانحے کے پیچھے حکومت کی شدید نااہلی بھی شامل ہے۔ اگر جھیل میں طغیانی اور خطرناک صورتحال تھی تو سیاحوں کو پیشگی آگاہ کیوں نہیں کیا گیا؟ دنیا بھر میں تفریحی مقامات پر حفاظتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر واضح طور پر درج ہوتی ہیں، مگر یہاں نہ لائف جیکٹس فراہم کی گئیں اور نہ ہی کسی قسم کی رہنمائی کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں ایف آئی آر لانچ موجود تھی، مگر اس کے باوجود یہ واضح نہیں کہ کیا تحقیقات ہوئیں۔ متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور مکمل انوسٹی گیشن کروائیں گے کیونکہ اس سانحے میں ان کی تین نسلیں ختم ہو گئیں۔

    نوید چیمہ نے ریسکیو عمل پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جب لاشیں منتقل کر رہی تھی تو راستے میں گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا، جو ایک سنگین غفلت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عامر ہندل کی بیٹیاں اور ایک نواسہ ریسکیو کے وقت سانس لے رہے تھے اور بچے کو سی پی آر دینے کی فوٹیج بھی موجود ہے۔ اگر بروقت اور مؤثر طبی امداد ملتی تو شاید جانیں بچ سکتی تھیں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ عامر ہندل کا فیملی کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا اور انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر ہندل کے ایک بھتیجے نے ان کے فارم ہاؤس پر قبضہ کر رکھا تھا اور وہاں مبینہ طور پر نشے کا اڈا قائم کیا گیا تھا، جس کے خلاف عامر ہندل نے آر پی او کو باقاعدہ درخواست بھی دی ہوئی تھی۔

    نوید چیمہ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں اور دونوں صوبوں کی پولیس مشترکہ انکوائری کرے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

    واضح رہے کہ یکم جولائی کو لاہور سے تعلق رکھنے والے عامر ہندل اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مہوڈنڈ کے علاقے میں واقع جھیل سیف اللہ میں کشتی کی سیر کر رہے تھے کہ کشتی الٹ گئی۔ حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سابق لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل، ان کا 20 سالہ بیٹا عبداللہ ہندل، 27 سالہ بیٹی پروا ہندل، 23 سالہ بیٹی رویل ہندل اور پروا ہندل کے دو کمسن بچے شامل ہیں۔

  • اوگرا نے درآمدی آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

    اسلام آباد(بولونیوز)اوگرا نے درآمدی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    اوگرا کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے تین جبکہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے ایک درآمدی کارگو کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس کے صارفین کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 14.94 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 19.52 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مئی میں آر ایل این جی کی قیمت 16.98 ڈالر فی ایم بی ٹی یو تھی۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث درآمدی لاگت میں اضافہ ہوا، جس کا اثر مقامی صارفین تک منتقل کیا گیا ہے۔

  • انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج، تفتیش جاری

    لاہور(بولونیوز)نواب ٹاؤن تھانے میں ریٹائرڈ پولیس افسر اور انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ مقدمہ سی سی پی او کی ہدایت پر کی گئی انکوائری کے بعد درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رانا اکرم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم پر شکایت کنندہ کے شوہر پر تشدد کرنے کا بھی الزام ہے، جبکہ 55 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، 8 لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان زبردستی لے جانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

    مزید یہ کہ ایف آئی آر میں گاڑی لے جانے کا الزام بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ شکایت کنندہ نے ملزم پر اپنے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی کوشش کا الزام بھی لگایا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ملزم ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، اس لیے معاملے کی تفتیش انتہائی احتیاط اور میرٹ پر کی جا رہی ہے۔ نواب ٹاؤن پولیس کے مطابق تمام الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سابق شامی حکومت کے بدنام فوجی افسر سہیل الحسن گرفتار، قتلِ عام کی ویڈیوز بھی برآمد

    دمشق(بولونیوز) دمشق میں سابق شامی حکومت کے ایک بدنام فوجی افسر کی گرفتاری عمل میں آ گئی ہے، جو مخالفین اور عام شہریوں کو قتل کرنے کے بعد لاشوں پر پاؤں رکھ کر ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے لیے بدنام تھا۔

    ذرائع کے مطابق شام میں مبینہ طور پر چھ لاکھ مسلمانوں کے قتلِ عام میں ملوث سابقہ حکومت کے ظالم افسران کو ایک ایک کر کے گرفتار کیا جا رہا ہے۔ حالیہ گرفتاری سہیل الحسن کی ہے، جو سابق صدر بشارت الاسد کی حکومت کے دوران ایک بااثر فوجی افسر رہا اور سینکڑوں قتلِ عام میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل الحسن اپنے جرائم کی ویڈیوز خود بنواتا تھا، جن میں مقتولین کی لاشوں پر پاؤں رکھ کر طاقت اور ظلم کا مظاہرہ کیا جاتا، اور بعد ازاں یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جاتی تھیں تاکہ خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔

    گرفتاری کے بعد حکام نے سہیل الحسن کو اس کے جرائم کی ویڈیوز دکھائیں، جس پر اس نے ندامت اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اعتراض بھی کیا اور اپنے جرائم پر توبہ کرتے ہوئے معافی کی اپیل کی۔ تاہم قتل کیے گئے افراد کے لواحقین نے کسی قسم کی رعایت مسترد کرتے ہوئے انصاف اور سخت ترین سزاؤں کا مطالبہ کیا ہے۔