Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • پہلگام حملہ کیس، انڈیا نے حافظ سعید کے خلاف ضمنی چارج شیٹ دائر کر دی

    پہلگام(بولونیوز)انڈیا نے پہلگام حملہ کیس میں پیش رفت کرتے ہوئے حافظ سعید کے خلاف ضمنی چارج شیٹ دائر کر دی ہے، جس میں جنگ شروع کرنے اور سرحد پار سے سازش تیار کرنے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    بی بی سی اردو کے مطابق خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے رپورٹ کیا ہے کہ انڈیا کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پہلگام حملہ کیس میں پاکستان میں موجود کالعدم لشکرِ طیبہ اور اس کی مبینہ ذیلی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ کے سربراہ اور بانی حافظ سعید کے خلاف یہ ضمنی چارج شیٹ فائل کی ہے۔

    این آئی اے کے حوالے سے اے این آئی نے بتایا کہ یہ ضمنی چارج شیٹ جموں میں قائم این آئی اے کی خصوصی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔ چارج شیٹ میں حافظ سعید پر نہ صرف انفرادی حیثیت میں بلکہ لشکرِ طیبہ اور اس کی فعال ذیلی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ کے سربراہ کے طور پر بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    قومی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق اس ضمنی چارج شیٹ میں حافظ سعید پر انڈیا کے خلاف جنگ شروع کرنے اور سرحد پار سے سازش تیار کرنے سے متعلق تعزیری دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    این آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ ضمنی چارج شیٹ 1597 صفحات پر مشتمل اصل چارج شیٹ کے تسلسل میں دائر کی گئی ہے، جس میں پاکستان کی مبینہ سازش، حافظ سعید کے مبینہ کردار اور کیس میں جمع کیے گئے شواہد کی تفصیلات شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق یہ شواہد سائنسی تحقیقات اور زمینی تفتیش کے دوران اکٹھے کیے گئے۔

  • سوشل میڈیا پر وائرل خبر گمراہ کن ثابت، تین بچیوں کے لاپتہ ہونے کا دعویٰ درست نہیں

    کراچی(بولونیوز)تین بچیوں کے لاپتہ ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گزشتہ دو سے تین روز سے گردش کرنے والی خبر غلط اور گمراہ کن ثابت ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر تین بچیوں کی تصویر کے ساتھ ایک انتہائی دردناک پیغام وائرل کیا جا رہا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کراچی کے ایک گھر سے تین بہنیں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی ہیں۔

    تاہم علاقائی مصدقہ ذرائع کے مطابق اس واقعے کی اصل حقیقت مختلف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بچیوں کی والدہ اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر گئی ہیں اور جاتے ہوئے اپنی تینوں بچیوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئیں۔ خاتون گھر سے سونے چاندی کے زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان بھی ہمراہ لے کر گئی تھیں۔

    واقعے کے بعد بچیوں کے والد کی جانب سے متعلقہ تھانے میں باقاعدہ مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

    ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد اور سوشل میڈیا پر خبروں کو پھیلانے والوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ صرف مصدقہ اور حقائق پر مبنی معلومات ہی آگے پہنچائیں۔ بغیر تصدیق من پسند خبریں چلانا، حساس معاملات میں عوامی جذبات سے کھیلنا یا ایسا تاثر دینا کہ کوئی سنگین جرم رونما ہو گیا ہے، معاشرے میں بے چینی اور خوف پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    صحافتی ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ ایسی خبروں میں احتیاط، توازن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ عوام کو گمراہ ہونے سے بچایا جا سکے۔

  • فیفا ورلڈکپ 2026 پری کوارٹر فائنل: اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    ڈیلاس(بولونیوز)فیفا ورلڈکپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

    امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ طویل وقت تک میچ بغیر گول کے برابر رہا، تاہم اسپین کی جانب سے میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔

    اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ پرتگال کی شکست کے بعد عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔

    میچ کے بعد شائقین فٹبال میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جبکہ اسپین کی ٹیم کی دفاعی حکمتِ عملی اور آخری لمحات میں کیا گیا گول فتح کی بنیاد بنا۔

    کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیئم یا امریکا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا، جس کا فیصلہ آئندہ میچ کے بعد سامنے آئے گا۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف بڑا ایکشن، ایک اور ملزم گرفتار

    عمرکوٹ(بولونیوز)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی امدادی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف عمرکوٹ پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مزید ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی عمرکوٹ کی خصوصی ہدایات پر مستحق خواتین سے BISP کی امدادی رقوم میں کٹوتی کرنے والے عناصر کے خلاف ضلع بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ سامارو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گوند ولد وجیو مہراج سکنہ محمد اسماعیل بھرگڑی، تعلقہ سامارو کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کرائم نمبر 67/2026 بجرم دفعات 406، 420 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    برآمدگی
    ایک عدد جاز کیش ڈیوائس

    ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مستحق خواتین کو BISP کے تحت ملنے والی امدادی رقم میں سے 2,500 روپے فی کس غیر قانونی طور پر کٹوتی کرتا تھا، جو دھوکہ دہی اور خیانتِ مجرمانہ کے زمرے میں آتا ہے۔ اس بنیاد پر سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    ایس ایس پی عمرکوٹ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مستحق خواتین کی امدادی رقوم میں کسی قسم کی غیر قانونی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

  • لیاقت آباد ٹاؤن میں تعلیمی انقلاب: مالی سال 2025–26 کے دوران نمایاں اصلاحات و ترقیاتی اقدامات

    کراچی(بولونیوز)چیئرمین فراز حسیب کی متحرک قیادت، مؤثر پالیسیوں اور تعلیم دوست وژن کے تحت محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن نے مالی سال 2025–2026 کے دوران تعلیمی شعبے میں نمایاں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کامیابی سے مکمل کیے۔

    چیئرمین فراز حسیب کی خصوصی ہدایات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری، تعلیمی معیار میں اضافہ، جدید سہولیات کی فراہمی، اسکولوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی تشکیل کو اولین ترجیح دی گئی۔ اسی وژن کے تحت محکمۂ تعلیم نے متعدد ترقیاتی منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچائے، جن کے مثبت اثرات تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی سطح پر نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے۔

    محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال بھر کے دوران سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش، کلاس رومز کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، جدید فرنیچر، واش رومز کی بحالی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید تدریسی سہولیات، آئی ٹی اور اے آئی لیبز کے قیام، کمپیوٹر لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں، کھیلوں، تقریری و تحریری مقابلوں اور سائنسی و تخلیقی پروگراموں کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا۔

    طلبہ کی حاضری اور تعلیمی کارکردگی میں بہتری کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام بھی متعارف کرایا گیا، جس کے باعث مجموعی تعلیمی نتائج میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

    محکمۂ تعلیم لیاقت آباد ٹاؤن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر بچے کی معیاری تعلیم تک رسائی، جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی مسلسل بہتری کے لیے اپنی کاوشیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی، تاکہ ایک روشن، باصلاحیت اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی ایک ہفتے میں بڑی کارروائیاں، 65 ملزمان گرفتار

    کراچی(بولونیوز)ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 65 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 3 عدد پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے۔ اسی طرح منشیات کی سپلائی میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔

    گٹکا اور ماوا کی غیر قانونی سپلائی کے خلاف کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے گٹکا/ماوا برآمد ہوا۔ اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 8 مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

    موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر مختلف جرائم میں ملوث 29 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • انسدادِ پولیو مہم کے آغاز پر ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے سخت سیکیورٹی انتظامات

    کراچی(بولونیوز)انسدادِ پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق بذریعہ رول کال تمام افسران و جوانان کو سیکیورٹی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مہم کو پُرامن اور مؤثر بنایا جا سکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیمز کے ہمراہ پولیس جوانان اور لیڈی کانسٹیبلان تعینات ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

    مزید بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ اوز اور ہیڈ محررز وقتاً فوقتاً اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے، جبکہ شاہین فورس کے ذریعے تمام ہاٹ اسپاٹ مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • امریکہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرے گا یا پھر ’کام تمام کر دے گا‘: صدر ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ یا تو ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرے گا یا پھر ’’کام تمام کر دے گا‘‘۔ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ماضی میں ایرانی بحریہ کے جہازوں اور ایرانی فضائیہ کے تمام طیاروں کو تباہ کر دیا تھا۔ ان کے بقول،

    بالآخرانہیں احساس ہوگیا کہ اب ان کےپاس کوئی ریڈارنہیں رہا، کیونکہ ان کےریڈارسسٹمزمکمل طورپرتباہ کردیےگئےتھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی بحریہ نے ایسی سخت ناکہ بندی نافذ کی جو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ان کے مطابق دو ماہ تک ایک بھی جہاز اس ناکہ بندی کو عبور نہیں کر سکا۔ پھر ہم ممکنہ طور پر ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے، اس لیے ہم نے ناکہ بندی میں نرمی کر دی۔ مجھے نہیں معلوم، شاید ہم کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔

    صدرٹرمپ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہر صورت میں کامیاب ہوگا۔یا تو ہم معاہدہ کر لیں گے یا پھر ہم یہ کام مکمل کر دیں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس بیان سے امریکہ اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس بیان کو تشویش کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

  • خامنہ ای کی نمازِ جنازہ سے متعلق خبروں پر ابہام، سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی

    تہران(بولونیوز)سوشل میڈیا اور بعض غیر مصدقہ ذرائع میں یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تاریخی نمازِ جنازہ تہران کے بعد قُم میں بھی ادا کی گئی، جبکہ میت کو عراق منتقل کرنے اور جمعرات کو آبائی شہر مشہد میں تدفین کا بھی کہا جا رہا ہے۔

    تاہم ایرانی حکام یا سرکاری ذرائع کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ معتبر بین الاقوامی میڈیا میں بھی اس دعوے کی تائید موجود نہیں، جس کے باعث اس خبر کی صداقت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    سیاسی مبصرین اور صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی حساس خبریں بغیر تصدیق کے پھیلانا گمراہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے آنے والی اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔

    نوٹ: اس خبر میں بیان کردہ دعوے غیر مصدقہ ہیں؛ مستند تصدیق سامنے آنے کی صورت میں تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

  • سیاسی کانفرنسوں میں انکشافات کا سلسلہ، نئے دعوے سامنے آنے لگے

    اسلام آباد(بولونیوز)ملکی سیاست میں جاری کانفرنسوں کے دوران ہر روز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ذرائع اور سیاسی حلقوں میں گردش کرنے والے بیانیے کے مطابق ن لیگ نے صرف مبینہ لندن پلان ہی نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے ساتھ بھی معاہدہ کر رکھا ہے۔

    ایم کیو ایم سے منسلک حلقوں کا دعویٰ ہے کہ ہمیشہ کی طرح بلیک میلنگ کے ذریعے سیاسی فائدے حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ مختلف جماعتیں اپنے اپنے مفادات، پیسوں، عہدوں اور کرسی کی جنگ میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان بیانات اور جوابی دعوؤں سے ملکی سیاست میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

    اس تمام صورتحال میں عمران خان کی رائے کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے، جس میں صحت کو قوم کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ سیاسی رسہ کشی اور الزام تراشی کے بجائے عوامی فلاح، بالخصوص صحت اور بنیادی سہولیات پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    سیاسی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا ان کانفرنسوں اور بیانات کا مقصد واقعی حقائق کو عوام کے سامنے لانا ہے یا محض دباؤ بڑھا کر سیاسی سودے بازی کرنا۔ آنے والے دنوں میں مزید انکشافات اور ردِعمل متوقع ہیں۔