شعیب اختر کے بھائی شاہد اختر کی آخری وصیت، جنازے میں سنائی گئی، مسجد و مدرسے کے لیے زمین وقف
لاہور(بولونیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر کی آخری وصیت جنازے کے موقع پر سامنے آئی، جس نے وہاں موجود ہر شخص کو آبدیدہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق شعیب اختر نے اپنے بھائی کی وہ وصیت جنازہ پڑھانے والے امام کے حوالے کی جو شاہد اختر نے اپنی وفات سے پندرہ روز قبل، چار ماہ تبلیغ سے واپسی کے بعد تحریر کی تھی۔ وصیت میں لکھا گیا تھا کہ وہ اپنی سو کنال زمین میں سے پانچ کنال زمین مسجد اور مدرسے کے لیے وقف کرتے ہیں، جہاں مسجد تعمیر کی جائے گی اور اس کے ساتھ مدرسہ بھی قائم کیا جائے گا تاکہ اس کا اجر ان کے والدین کو مسلسل ملتا رہے۔
وصیت سنائے جانے کے بعد جنازے میں موجود افراد کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ وصیت کے مطابق تدفین کے فوراً بعد پانچ کنال زمین مسجد و مدرسے کے لیے باقاعدہ طور پر الگ کر کے وقف کر دی گئی۔ شعیب اختر نے اعلان کیا کہ ان کے بھائی کی خواہش کے مطابق تین دن بعد مسجد کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
شاہد اختر سابق قومی کرکٹر سعید انور کے قریبی دوست اور ایک بڑے بزنس مین تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سعید انور کی دعوت پر انہوں نے اپنا کاروبار عارضی طور پر چھوڑ کر چار ماہ اللہ کے راستے میں گزارے۔ تبلیغ سے واپسی کے صرف پندرہ دن بعد وہ اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔
اہلِ علاقہ اور قریبی افراد نے شاہد اختر کی اس وصیت کو صدقۂ جاریہ قرار دیتے ہوئے اسے ایک مثالی اور قابلِ تقلید عمل کہا ہے۔


