شاہراہ بھٹو پر تاجر سے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے
کراچی(بولونیوز)شاہراہ بھٹو پر مبینہ ڈکیتی کی واردات میں ایک تاجر سے 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ذرائع کے مطابق ڈیفنس کے رہائشی تاجر حفیظ الرحمان لانڈھی داؤد چورنگی سے اپنی گاڑی کے ذریعے شاہراہ بھٹو سے قیوم آباد کی جانب جا رہے تھے کہ قیوم آباد کے قریب ان کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی ایک گاڑی نے ٹکر مار دی۔
تاجر نے واقعے کو حادثہ سمجھ کر گاڑی روکی اور دوسری گاڑی میں سوار افراد سے بات چیت کرنے کی کوشش کی، اسی دوران چار موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان ون وے کے راستے موقع پر پہنچ گئے اور انہیں یرغمال بنا لیا۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے تاجر پر تشدد کیا اور اسے واپس گاڑی میں لے گئے، جہاں گاڑی میں موجود 25 لاکھ روپے کا تھیلا لوٹ لیا گیا۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اسلحے کے بٹ مار کر تاجر کو زخمی بھی کیا۔
واردات کے بعد ملزمان اسلحے کے زور پر فرار ہوگئے۔ متاثرہ تاجر نے فوری طور پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی اور اپنے دفتر کو بھی آگاہ کیا۔پولیس کے مطابق واقعہ 9 اور 10 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا۔ متاثرہ تاجر حفیظ الرحمان ہائیڈرنٹ کے مالک ہیں اور وہ قائد آباد میں واقع اپنے ہائیڈرنٹ سے ڈیفنس فیز 8 میں واقع رہائش گاہ جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاجر کے دوست اور منیجر کاشف اور نورا کی اطلاع پر شاہراہ بھٹو پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق متاثرہ فریق نے ابتدا میں ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کیا، تاہم بعد ازاں روزنامچہ درج کرایا گیا اور مزید قانونی کارروائی سے گریز کا مؤقف اختیار کیا گیا۔


