ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
کراچی/لاڑکانہ(بولونیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
کفایت شعاری پالیسی کے باعث گڑھی خدا بخش میں روایتی جلسۂ عام منعقد نہیں کیا جا رہا، تاہم ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں دعائیہ تقاریب اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
بانیٔ پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو 1928ء میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں وکالت کو پیشہ بنایا۔
1967ء میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھتے ہوئے انہوں نے “روٹی، کپڑا اور مکان” کا نعرہ دیا اور عوامی سیاست میں نئی روح پھونکی۔
بھٹو کے دورِ اقتدار میں پاکستان کو پہلا متفقہ آئین ملا، جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی گئی، پاکستان اسٹیل مل سمیت متعدد قومی پیداواری ادارے قائم ہوئے۔ بعد ازاں صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو کو بے گناہ قرار دیا اور 23 مارچ 2025ء کو انہیں بعد از وفات نشانِ پاکستان عطا کیا گیا، جو ان کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔
4 اپریل 1979ء کو ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی حکم پر تختۂ دار پر لٹکایا گیا، جسے پاکستانی سیاست کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیا جاتا ہے۔
آج کی تقاریب کے حوالے سے پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو لاڑکانہ میں جبکہ آصفہ بھٹو کراچی میں بلاول ہاؤس میں قرآن خوانی میں شرکت کریں گی۔


